ملفوظات حکیم الامت جلد 7 - یونیکوڈ |
|
دریافت فرمایا کہ خود لاتے ہو یا وہ خود آتے ہیں ۔ عرض کیا خود ہی آتے ہیں ۔ فرمایا کہ اگر اس طرح آویں آنے دو ۔ کل کو کہنا کہ سڑک پر بھنگی چمار سب ہی چل رہے ہیں کیا کروں ۔ اسی طرح یہ دل بھی سڑک ہے ۔ اس پر بھی سب چلتے ہیں ۔ پھر پوچھا کہ تم کو کبھی راستے میں کتے بھی ملتے ہیں ۔ عرض کیا کہ جی ہاں ملتے ہیں ۔ فرمایا کہ اس پر کبھی شبہ نہ ہوا کہ کیا کروں ۔ (55) انگریزی خوانوں کے بے ہودہ مہمل محاورات ایک سلسلہ گفتگو میں فرمایا کہ ان انگریزی خوانوں میں بعضے عجیب بے ہودہ مہمل محاورے چلے ہیں ۔ میرے ایک عزیز کے یہاں ایک وکیل صاحب مہمان تھے میری بھی دعوت تھی انہوں نے چنے کی روٹی بھی پکوائی تھی اور مجھ کو گو عادت گیہوں کی کھانے کی ہے مگر اس خیال سے کہ یہ کہیں گے کہ ملانے ایسے مغرور ہیں کہ چنے کی روٹی سے استنکاف ہے ۔ میں نے بھی چنے کی روٹی کے کھانے کا اردہ کیا ۔ میزبان بولے کہ وکیل صاحب کو زکام ہے ۔ اس لئے ان کے واسطے چنے کی روٹی پکوائی ہے ۔ میں نے چھوڑ دی تو وکیل صاحب فرماتے ہیں کہ نہیں آپ کھا سکتے ہیں ۔ یہ محاورہ ملاحظہ ہو ایک صاحب یہاں پر آئے تھے ۔ ایک مہمان یہاں سے رخصت ہونے لگے تو وہ صاحب مجھ سے پوچھتے ہیں کہ کیا میں بھی اسٹیشن جا سکتا ہوں ۔ میں نے کہا کہ خدا نے پیر دیے چلنے کو آنکھیں دیں دیکھنے کو جاکیوں نہیں سکتے چل دو پہنچ جاؤ گے ۔ یہ ہےان لوگوں کی تہذیب اور محاورات جن سے الجھن ہو ۔ میں تو اکثر کہا کرتا ہوں کہ یہ تہذیب نہیں تعذیب ہے ۔ (56) ایک بڑی بی کی کوڑ مغزی فرمایا کہ ایک بی بی ہاپوڑ سے آئیں ہیں ۔ پہلے تو مجھ کو خط لکھا ۔ میں نے کچھ ضروری ضروری باتیں معلوم کیں ۔ جن کے فیصلہ پر آنے کی اجازت دینا موقوف تھا ۔ ان کا تو جواب نہیں دیا خود اپنے جوان لڑکے کو ساتھ لے کر آدھ مکیں ۔ میں نے صاف کہہ دیا کہ تم بے اصول آئیں اس لئے قیام کی اجازت نہیں ۔ عجیب کوڑ مغزی اور بد فہمی کا زمانہ ہے ۔ مرد ہوں یا عورت سب ہی اس کا شکار بنے ہوئے ہیں ۔ ہر شخص کو چاہیے کہ انجام کو سوچ کر کام کرے ۔ (57) ایک نووارد صاحب کی غلطی پر تنبیہہ