ملفوظات حکیم الامت جلد 7 - یونیکوڈ |
وہ صرف خلوص اور نیت کو دیکھتے ہیں اسی کو ہمارے حضرت نے خوب لکھا ہے ۔ بس ہے اپنا ایک بھی نالہ اگر پہنچی وہاں گرچہ کرتے ہیں بہت سے نالہ و فریاد ہم حضور صلی اللہ علیہ و سلم فرماتے ہیں کہ میرا ایک صحابی ایک کھجور خیرات کرے اور غیر صحابی احد پہاڑ کے برابر سونا تو وہ اس درجہ کو نہیں پہنچ سکتا ۔ یہ فرق خلوص اور عدم خلوص ہی کا تو ہے اور چونکہ جو خلوص صحابیت کا خاصہ ہے اس لئے صحابیت کو اس کا مدار قرار دیا گیا ہے ۔ (70) مرد حقانی کی علامت ایک شخص کے انتقال کا ذکر فرماتے ہوئے فرمایا کہ عین انتقال کے وقت اس نے یہ کہا کہ وہ ایک اونٹی لے کر مجھ کو لینے آیا ہے (اس سے میں مراد ہوں) اس سے معلوم ہوتا ہے کہ کبھی حق تعالی نے اپنی رحمت کی بناء پر ملا مکہ کو اس شکل میں بھیج دیتے ہیں تاکہ میت کو انس ہو جان کندنی کے وقت سہولت ہو ۔ جس شخص کی شکل نظر آتی ہے اس کی حقیقت نہیں ہوتی صرف صورت ہوتی ہے حق تعالی کی حکمتیں ہیں ۔ رحمتیں ہیں ۔ کیا کوئی ان کا احاطہ کر سکتا ہے وہ ماں باپ سے بھی زیادہ بندوں پر شفیق اور رحیم ہیں ۔ بندہ ہی خود ناکارہ ہے اس طرف سے تو ہر وقت عطاء اور کرم ہوتا ہے ۔ من نہ کر دم خلق تا سودے کنم بلکہ تابر بندگاں جودے کنم اس کے الطاف تو ہیں عام شہیدی سب پر تجھ سے کیا ضد تھی اگر تو کسی قابل ہوتا (71) مرد حقانی کی علامت ایک سلسلہ گفتگو میں فرمایا کہ جن کے قلوب میں خدا کی محبت اور عظمت ہے اور جو اس راہ میں ثابت قدم ہیں ان کی شان ہی جدا ہے ان کی ہر ادا سے خدا کی محبت ٹپکتی ہے ان کے چہروں سے نور عیاں ہے ۔ مشک چھپائے نہیں چھپتا ان کی یہ حالت ہے ۔ نور حق ظاہر بود اندر ولی نیک بیں باشی اگر اہل ولی مرد حقانی کے پیشانی کا نور کب چھپا رہتا ہے پیش ذی شعور اور وہ ہر حال میں مسرور ہیں مست ہیں خوش ہیں اور بزبان حال کہتے ہیں ۔