ملفوظات حکیم الامت جلد 7 - یونیکوڈ |
الحمد للہ مجھ کو اپنے وقت کا کافی استحضار ہے لیکن زبان پر اس لئے نہیں لاتا کہ دوستوں کو رنج ہو گا ۔ 11 جمادی الثانی 1351 ھ مجلس خاص بوقت صبح یوم پنج شنبہ (305) مسلمانوں کی دینی فلاح کےلئے انجمن کی ضرورت ایک صاحب کے سوال کے جواب میں فرمایا کہ مسلمانوں کی فلاح اور بہبود کی صورت اسی میں ہے کہ ہر جگہ انجمن قائم ہو جائیں تاکہ ایک دوسرے کی خبر گیری کر سکے ۔ ایک صورت یہ ہے کہ جیسے دنیا کے کاموں کےلئے پنچایت کرتے ہیں ایسے ہی دین کےلئے اور اپنے بھائیوں کی حفاظت کےلئے بھی پنچایتیں قائم کریں مگر مشکل تو یہ ہے کہ دنیا کی باتوں کو تو ضروری سمجھتے ہیں اور ان مقاصد کو ضروری نہیں سمجھتے حالانکہ بیحد ضروری ہیں ۔ (306) استغناء میں صاحب واقعہ کی بے فکری فرمایا کہ ایک شخص کا خط آیا ہے لکھا ہے کہ ایک شخص نے اپنی سالی سے بد فعلی کی تو اس کی بیوی نکاح میں رہی یا نہیں ۔ میں نے لکھا ہے کہ نکاح کو تو پوچھا اور یہ نہ پوچھا کہ اس نالائق حرکت پر جوگناہ ہوا اس سے نجاست کی کیا صورت ہے اگر وہ اس طرح سوال کرے کے ایک شخص سے یہ حرکت ہوئی اس کے متعلق دو سوال ہیں کہ اس حرکت کا کیا تدارک ہے اور نکاح رہا یا نہیں تو اس طرح کا سوال جواب کے قابل ہوتا ۔ باقی اور جگہ سے تو یہی فتوی جاتا کہ نکاح نہیں ٹوٹا جس کا اثر یہ ہوتا کہ صاحب واقعہ بالکل بے فکر ہو جاتا ۔ (307) نیچریوں کی نبض شناسی ایک سلسلہ گفتگو میں فرمایا کہ ایک مرتبہ میں نے کہا تھا کہ اللہ نے نیچریوں کی نبض شناسی مجھ کو عطاء فرمائی ہے ایک مولوی صاحب کہنے لگے کہ اس شناخت کا کیا طریقہ ہے ۔ میں نے کہا کیا بتلا دوں ہر بات کے بیان پر قدرت نہیں ہوتی ۔ (308) منکر رسالت کافر ہے ایک صاحب نے عرض کیا کہ حضرت فلاں شخص نے حضرت کے پاس ایک سوال بھیجا