ملفوظات حکیم الامت جلد 7 - یونیکوڈ |
|
لوگے ہم خدمت کریں گے بشرط یہ کہ ڈھنگ اور طریقہ سے خدمت لی جائے ورنہ چلتے بنو ۔ کیا کوئی تمہارا نوکر ہے ۔ بعضے نواب صاحب بن کر آتے ہیں ۔ بے ڈھنگی باتیں کرتے ہیں جس سے اذیت ہوتی ہے کہاں تک صبر کیا جائے اور تغیر نہ ہو ۔ (183) خیال اور عقیدہ کو اثر میں بڑا دخل ہے ایک سلسلہ گفتگو میں فرمایا کہ خیال اور عقیدہ کو اثر میں بڑا دخل ہے اور ان بے لکھے پڑھوں کا جو بھی عقیدہ ہوتا ہے وہ راسخ ہوتا ہے اور یہ لکھے پڑھے اکثر اگر مگر ہی میں رہتے ہیں ایک گاؤں والے شخص کا عدالت میں مقدمہ تھا وہ ایک بزرگ سے مقدمہ کےلئے تعویذ لایا تھا حاکم نیچرل عقیدہ کا آدمی تھا جس وقت آواز دلوائی گئی تو گاؤں والا پیش ہوا ۔ اجلاس میں پہنچ کر اس کو خیال ہوا کہ جو تعویذ میں نے حاکم کے نرم ہونے کےلئے کرایا تھا وہ اس وقت ساتھ نہیں ہے ۔ باہر بھول آیا ہوں ۔ ان لوگوں میں اکثر سادگی ہوتی ہے گو اب تو گاؤں والوں میں بھی یہ بات نہیں رہی ۔ غرض حاکم سے کہتا ہے کہ میں (مقدمہ ) کےلئے و یبس (دیوبند ) والے حاجی سے تسبیح (تعویذ ) لایا تھا وہ باہر بھول آیا ذرا ٹھہر جائیں ( تعویذ) لے آؤں ۔ اس نے اپنے نیچری خیال کے موافق کہا کہ جایے دیکھیں تعویذ کیا کرے گا ۔ وہ باہر گیا اور اپنے ساتھ والے سے تعویذ لے آیا اور حاکم سے کہا کہ تسبیح لے آیا اور یہ میری پگڑی میں ہے اب پوچھ کیا پوچھے حاکم کی نیت سزا کی تھی مگر حق تعالی کی قدرت کہ بر وقت فیصلہ لکھنا چاہت ہے سزا اور لکھا جاتا ہے بری ۔ اپنے خیال کے موافق جب فیصلہ سناتا ہے تو بری ۔ حاکم حیران رہ گیا اور ان بزرگ کے پاس آ کر توبہ کی ۔ واقعی اسماء الہیہ کا اثر اور برکت کہاں جا سکتی ہے مگر خلوص کی ضرورت ہے ۔ غرض عملیات میں موثر مجموعہ ہے دو چیزوں کا خود عمل اور دوسرا خیال اور اس میں کوئی بعد نہیں ایک یہ اور بھی قابل تنبیہہ ہے کہ کلام الہی گو اس کام کےلئے موضوع نہیں لیکن اگر کوئی اس کےلئے استعمال کرے تو برکت ضرور ہوتی ہے جیسے قلم لکھنے کےلئے ہے لیکن اگر اس سے کوئی کان کا میل نکالے تو اس میں بھی کام آ جاتا ہے ۔ (184) شفاء کےلئے وظیفہ ایک صاحب نے عرض کیا کہ حضرت میری بیوی ایک عرصہ سے بیمار ہے ۔ حکیم صاحب سے علاج کرایا کوئی نفع نہیں ہوا حضرت دعاء فرما دیں اور کوئی عمل بتلا دیں ۔ فرمایا کہ دعاء کرتا