ملفوظات حکیم الامت جلد 7 - یونیکوڈ |
|
ایک صاحب کی غلطی پر مواخذہ فرماتے ہوئے فرمایا کہ تم بد فہم معلوم ہوتے ہو تم کو مجھ سے مناسبت نہیں ۔ میں تمہاری خدمت سے معذور ہوں ۔ تمہاری اصلاح یہاں نہیں ہو سکتی کہیں اور جا کر اصلاح کا تعلق پیدا کرو اگر کسی مصالح کا نام مجھ سے دریافت کرو گے میں بتلا دوں گا نہ پوچھو تو اپنا کام کرو ۔ یہاں سے رخصت کون بیٹھا ہوا ان بد فہموں کی چاپلوسیاں کیا کرے یہاں بحمد اللہ یہ جھگڑا ہی نہیں کہ لوگوں کو گھیرا جاوے ۔ البتہ خدمت کو تیار ہوں ادھی رات کو بھی عذر نہیں ۔ خادم ہوں بشرط یہ کہ سلیقہ اور ڈہنگ سے خدمت لی جائے اور ویسے بھی طریقہ اور بے اصولی سے اگر کوئی خدمت لینا چاہے تو میں کسی کا نوکر نہیں غلام نہیں ۔ بعضے اس طرح آتے ہیں جیسے کوئی نواب کے بچے ہوتے ہیں ۔ بات پوچھی جاتی ہے جواب ہی ندارو چپ شاہ کا روزہ رکھ کر آتے ہیں اور بولے بھی تو منھ کے اندر ہی اندر دوسرا کوئی سن ہی نہ سکے یہ آج کل تہذیب میں داخل ہے کہ اول تو بولو مت اور اگر بولو تو اس طرح کے دوسرا نہ سنے سو ایسے بد فہموں کا یہاں کوئی کام نہیں چلتے بنو ۔ عرض کیا کہ قصور ہوا ۔ آئندہ کبھی ایسی حرکت نہ کروں گا ۔ فرمایا کہ اب کہاں سے زبان لگ گئی ۔ پٹاپٹ بولنا شروع کر دیا ۔ اب کہاں سے گھڑی میں کوک بھر گئی ۔ میں تمہاری نبضیں خوب پہچانتا ہوں ۔ معترض ان واقعات کی ترتیب کو نہیں دیکھتے ۔ یہاں پر رہ کر دیکھیں تب ان کو معلوم ہو کہ کیا کیا واقعات پیش آتے ہیں اور یہ معلوم ہو کہ یہ آنے والے بد خلق ہیں یا میں ۔ مظلوم یہ ہیں یا میں ظالم یہ ہیں یا میں اور دور بیٹھے فیصلے دینا کون سے انصاف کی بات ہے پھر ان صاحب سے فرمایا کہ اب جب تک رہو مجلس میں خاموش بیٹھے ہوئے باتیں سنا کرو اور وطن واپس پہنچ کر بذریعہ خط و کتابت تعلیم کے متعلق طے کرنا ۔ پہلے آدمی بنو کیا بزرگی اور ولایت کو ڈھونڈتے پھرتے ہو آدمیت سے کہو بزرگی بے چاری تو ایک دن میں ساتھ ہو لیتی ہے اور مل جاتی ہے ۔ مشکل چیز آدمیت انسانیت ہے ۔ میرے یہاں بزرگی و زرگی تقسیم نہیں ہوتی اور ہو تو جب جب کہ میں خود بزرگ ہوں ۔ ہاں ایک مسلمان ہوں الحمد للہ ۔ باقی میرے یہاں صرف ادمیت انسانیت تقسیم ہوتی ہے اگر کسی کو پسند ہو آئے ۔ ورنہ جہاں چاہے جائے ۔ بزرگیوں کی تقسیم کے تو بڑے بڑے دربار کھلے ہوئے ہیں ۔ گئے نہیں اور بزرگ بنے نہیں ۔ افسوس ان رسمی مشائخ اور پیروں نے ایسی دکانداری اختیار کی ہے کہ لوگوں کے خیالات اور عقائد کو بالکل تباہ اور برباد کر دیا اللہ کا شکر ہے