ملفوظات حکیم الامت جلد 7 - یونیکوڈ |
|
عادت اللہ ۔۔۔ جاری ہے کہ مل کام ہوتا ہے ، دیکھئے ھوالذی ایدک بنصرہ میں و بالمؤمنین بھی بڑھایا گیا ہے ورنہ مومنین کے بڑھانے کی کیا ضرورت تھی اس میں حق تعالی نے یہ بتلا دیا کہ اتنی بڑی ہستی کی نصرت میں بھی سنتہ اللہ یہی ہے کہ مل کر کام کیا جاوے ۔۔۔ غرض ہر حال میں مل کر کام کرنے کی ضرورت ہے محض زبانی باتوں سے کچھ نہیں ہوتا ۔ مگر آج کل مسلمانوں میں صرف زبانی عمل در آمد ہے کام کی ایک بات بھی نہیں جس کا بڑا ہی افسوس ہوتا ہے ۔ البتہ ایک کام یہ آتا ہے کہ اغیار کی بغلوں میں جا کر گھسنا شروع کر دیں گے کبھی گوروں کی بغل میں کبھی کالوں کی بغل میں اور یہ سب جانتے ہیں کہ گورے سے کالا خطرناک ہوتا ہے اس کا ڈسا ہوا پانی نہیں مانگتا ۔ ( یہ لطیفہ ہے سانپ کی دو قسموں کے متعلق ) مسلمانوں کی حالت بالکل اس کی مصداق ہے فر من المطر و قر تحت المیزاب یعنی بارش سے بھاگا اور پرنالہ کے نیچے جا کھڑا ہوا ۔ اور واقعہ یہ ہے کہ اسلام اور مسلمانوں کا کوئی بھی دوست نہیں ۔ سب دشمن ہیں مگر یہ سب سے پیوند جوڑتے پھرتے ہیں ۔ میں تو مسلمانوں کی حالت کو دیکھ کر کہا کرتا ہوں کہ اگر ایسوں کے بھروسہ کوئی کام کیا جائے تو نہایت بے عقلی ہے وقت پر سب الگ ہو جاتے ہیں ساری بلا ایک ہی کے سر پڑ جاتی ہے جس کا نتیجہ یہ ہو گا کہ دین کے جو اور کام کر رہے ہیں ان سے بھی محرومی ہو جائے گی اس لئےایسے کام کرنے کو کہ جس کام میں دوسروں کا تعلق ہو اس میں پڑنے کو جی نہیں چاہتا ۔ اور کیا یہ بھی کوئی کام ہے کہ جیل خانہ چلے گئے ۔ دو چار مہینہ رہ آئے آخر اس کا نتیجہ ہی کیا ۔ جب چیز پر قدرت نہیں تو کیوں آدمی اپنے کو پریشانی میں ڈالے ۔ ہاں ایک نتیجہ تو جیل خانہ میں جانے سے ضرور نکل آتا ہے کہ شہرت ہو جاتی ہے فلاں صاحب ایسے ہیں ویسے ہیں مگر یہ کوئی دینی مقصد نہیں اس کا تعلق صرف جاہ سے ہے جو خود ایک مستقل مرض ہے جو قابل اصلاح ہے ۔ ان اہل جاہ میں خلوص کا نام نہیں ۔ بس اس پر مرتے ہیں کہ نام ہو پھر کام کہاں ۔ اسی لئے میں تو مولویوں کو بھی مشورہ دیتا ہوں کہ ان کو چاہئے کہ ان فضولیات کو چھوڑیں اور ان کاموں میں لگیں کہ اللہ تعالی سے دعاء کریں فتوے دیں ۔ تبلیغ کریں ۔ پڑھیں پڑھاویں ۔ جاہلوں کے ساتھ ہو کر تضیع اوقات نہ کریں پھر وہ بھی تابع بن کر اگر جاہل ان کو متبوع بناتے تب بھی چنداں مضائقہ نہ تھا مگر آج کل تو رزولیوشن پاس کرتے ہیں جاہل اور مولوی ان کا اتباع کرتے