حیات طیب رحمہ اللہ تعالی جلد 2 |
یات طیب |
|
خوب مضمون باندھے ہیں اور طبعِ رسانے، دیدہ زیب گلکاریاں کی ہیں ، حمدکا پہلا شعر ہے۔ سماعت فرمائیے۔ مستحق حمد و ثنا کا ہے خدائے وہاب جس نے دی آنکھ ہمیں آنکھ کو دی نور سے آب حمد کے بعد نعت پاک کے اشعار ہیں وہ بھی اپنے رنگ میں منفرد اور آنکھ کی رعایت سے پاکیزہ مضامین سے صاف و شفاف کہ آنکھ نہ ٹکے، دو شعر آپ بھی سن لیں ، کیا خوب نعت کے اشعار ہیں ۔ نعت و توصیف ہے اسی ذات مقدس کیلئے دل کی بند آنکھ کے جس ذات نے کھولے ابواب ختم جس ذات پہ ہے عین نبوت کا کمال خوشہ چیں جن کے ہیں انسان و ملک اوردواب حمد و نعت کے بعد حکیم الاسلامؒنے صحابۂ کرام کی مدح و منقبت میں چند اشعار کہے ہیں اور قرآنی ترتیب کا تقاضا بھی یہی تھا۔ اس کو اگر حکیم الاسلامؒنہ پورا کرتے تو کون کرتا؟ جس درجہ میں جس کی محبت ہونی چاہئے اور جس طرح محبت کا اظہار ہونا چاہئے، حکیم الاسلامؒکے اشعار میں آداب و محبت کے وہ سب رموز پائے جاتے ہیں ۔ مدح و ثنا کا پہلا ہی شعر دل و دماغ کے تاروں کو چھیڑ دیتا ہے اور سامع پر صحابۂ کرام کی عظمت کا سکہ بیٹھ جاتا ہے۔ سماعت فرمائیے۔ مدح اعلیٰ کے ہیں حقدار وہ اصحاب نبی عقل کو آنکھ ملی جن سے بآیاتِ کتاب اشعار توایک سے بڑھ کر ایک، کسی پر نہ انگشت نمائی کی گنجائش اور نہ آنکھ دکھانے کی مجال، ہاں ہر شعر دل میں بسانے کے قابل اور آنکھوں میں کھپ جانے والا۔ دیکھئے کیا شعر کہا ہے۔ جو ہیں امت کے لئے علم و عمل کا معیار راہ بینا کی ہے، ان ہی کے رسوم و آداب آنکھ ان کی تھی، نظر ان کی، بصیرت ان کی ان کے آثار سے روشن ہیں بیوت و ابواب حمدو نعت اور مدرج صحابہ کے بعد متعدد عنوانات کے تحت بصیرت افروز مضامین کی جھڑی نظر آتی ہے، ایسا معلوم ہوتا ہے کہ اس کا سلسلہ عالم ناسوت سے نہیں کسی اور جہان سے ہے۔ کہاں تک تفصیل بیان کیجئے۔ صرف عنوانات سنا دئیے جائیں تو غواص معانی کی جودت طبع کا اندازہ ہوجائے۔لیجئے عناوین سن لیجئے اور شاعر کی طبع رسا کی داد دیجئے۔ آنکھ کی اہمیت، آنکھ کی افادیت، آنکھ کی افادیت کے مختلف پہلو، آنکھ کے جامع مقامات، آنکھ کی اصلی اور سابقہ کیفیت، آنکھوں میں تغیر، تلاش علاج معالجہ کا آغاز، معالجہ کی کیفیت، تعمیر نو، انکشاف عالم خواب، نتیجۂ علاج، سپریئر اور احتیاط کی بندشیں ، تسلی اور اطمینان دہانی، معاون کریم، شکریہ اور دعاء نتیجہ اور خاتمۂ کلام، تتمۂ کلام اور چشمۂ صافی۔ یہ عناوین آنکھ کی کہانی حصہ اول کے تھے۔