حیات طیب رحمہ اللہ تعالی جلد 2 |
یات طیب |
|
زادی کی حیاء و عفت اور پردہ داری کا ثبوت فراہم ہوتا ہے کہ وہ حجاب کی کس حد پر پہنچی ہوئی تھیں ، جس نے باپ پر انفعال کا یہ غیر معمولی اثر ڈالا کہ وہ جاں بر نہ ہو سکے۔ اس سے اوپر کے طبقات میں ازواجِ مطہراتؓ، عام صحابیاتؓ اور پھر قرون اسلاف کی عام خواتین اتقیاء پر نظر ڈالو اور غور کرو کہ آیا ان کے علوم کی گہرائیاں زیادہ تھیں جب کہ پردہ و حجاب اپنی اعلیٰ حدود پر پہنچا ہوا تھا، یا آج کی مسلم خواتین علوم و کمالات میں بڑھی ہوئی ہیں جب کہ ہر نہج کی بے حجابی اور آزادی دل و دماغ میں سرایت کرچکی ہے، اگر تعلیم میں حجاب حائل تھا تو حضرت عائشہ صدیقہؓ پردہ میں بیٹھ کر اور بلا کسی اسکول یا مدرسہ میں گئے ہوئے اتنی زبردست عالمہ کیسے ہوگئیں کہ بڑے بڑے علماء صحابہ رضی اللہ عنہم پس پردہ ان سے مسائل حل کرتے تھے اور علوم نبوت کا نصف حصہ ان کے حصہ میں آگیا، حضرت خدیجۃ الکبریٰ ؓ عارف منصب نبوت تھیں جنہوں نے اول وحی پر حضور صلی اللہ علیہ وسلم کے گھبرا جانے پر آپ کو ڈھار س اور تسلی دی اور علاج بتایا کہ یہ معرفت کی بات ہے تو کسی عارف ہی سے اس کا علاج کرایا جائے تو ورقہ ابن نوفل کے پاس لے گئیں ، پھر دوسری صحابیاتؓ جن میں ایک سے ایک اعلیٰ علم رکھتی تھیں اوربعد کے قرون میں جیسے حضرت رابعہ بصریہؓ، رابعہ عدویہؓ وغیرہ کہ علماء و عرفاء میں اعلیٰ علم رکھتی تھیں اور مشاہیر عارفات میں سے تھیں ، آخر وہی پاکباز عورتیں تھیں جو پردوں میں عفت کے ساتھ خانہ نشیں تھیں ، حافظ ابن عساکر جیسے مشہور محدث نے جن اساتذہ سے علم حاصل کیا ہے، ان میں اسّی (۸۰) سے زیادہ عورتیں شمار کرائی ہیں ، حفید ابن زہرا کی بہن اور بھانجی علم طب اور فن حکمت میں مشاہیر زمانہ سے میں ہوئی ہیں ، یزید بن ہارون کی لونڈی ان کی آخری عمر میں جب کہ وہ ضعیف البصر ہوچکے تھے خود کتب حدیث سے احادیث کو یاد کرتی، انتخاب کرتی اور اپنے آقاء کو حدیثوں پر مطلع کرتی۔ ابن سماک کوفی مشہور عالم کو لونڈی ان کی تقریروں میں اصلاح دیا کرتی تھی اور انہوں نے فن خطابت میں اپنی باندی ہی سے استفادہ کیا، حضرت معاذۂ عدویہ صدیقہ عائشہؓ کی شاگرد ہیں ، مشہور مرتاض و نفس کش خاتون گذری ہیں ۔ حضرت فاطمہ نیشاپوری ذوالنون مصری رحمۃ اللہ علیہ کے شیوخ میں سے ہیں ، جن سے انہوں نے فیض اٹھایا ہے۔ حضرت رابعہ شامیہ علوم معرفۃ میں مشاہدہ کے درجہ پر پہنچ گئی تھیں ، جنات اور حوریں انہیں آنکھوں سے نظر آتے تھے۔