حصن حصین مترجم اردو - یونیکوڈ - غیر موافق للمطبوع |
|
بتلانے کی ضرورت ہی نہیں چھوڑی ہے (یعنی وہ تمام ضروریات و حوائج جن کے لیے انسان دعا مانگتا ہے، آپ نے اُن سب کے لیے دعائیں بتلادی ہیں)۔ (مستحب) ۲۷۔ جامع (تمام ضروریات و حوائج پر حاوی) دعائیں اختیار کرنا۔ (مستحب) ۲۸۔ اپنی ذات سے دعا شروع کرے اور پھر اپنے ماں باپ اور تمام مومن بھائیوں کے لیے دعا کرے (یعنی پہلے اپنے لیے پھر درجہ بدرجہ اوروں کے لیے دعا مانگے)۔ (مستحب) ۲۹۔ اگر امام ہو تو تنہا اپنے لیے دعا نہ مانگے، بلکہ اپنے اور تمام مقتدیوں کے لیے دعا مانگے، مثلاً: ’’میری ‘‘ کی بجائے ’’ہماری‘‘ یا ’’میں‘‘ کے بجائے ’’ہم‘‘ کے الفاظ استعمال کرے۔ (مستحب) ۳۰۔ پورے یقین کے ساتھ اور قطعی طور پر دعا مانگنا کہ اللہ تعالیٰ دعا یقینا قبول کرتے ہیں اورمیں بغیر کسی تذبذب و تردّد [غیر یقینی کیفیت] کے دعا مانگتا ہوں۔ نیز دعا کو اپنی طرف سے کسی چیز پر موقوف بھی نہ کرے، مثلاً: یہ نہ کہے کہ اگر تو چاہے تو میرا قرض اداکردے۔ بلکہ اِس طرح دعا مانگے: الٰہی میر اقرض ادا کردے۔ (رکن) ۳۱۔ انتہائی رغبت و شوق کے ساتھ دعا مانگے (بے دلی سے دعا نہ مانگے)۔ (مستحب) ۳۲۔ دل (کی گہرائیوں) سے پوری کوشش و محنت سے دعا مانگے اور دل دعا کی طرف پوری طرح متوجہ ہو اور اللہ سے حسنِ ظن [اچھا گمان] رکھے۔ (رکن) ۳۳۔ (ایک ہی مقصد کے لیے)بار بار دعا مانگے۔ (مستحب) ۳۴۔ ایک ہی دعا بار بار مانگنے کا کم سے کم درجہ تین مرتبہ ہے (یعنی ہر دعا کم سے کم تین مرتبہ مانگے)۔ (مستحب) ۳۵۔ کسی دعاپر اِصرار نہ کرے (کہ میری یہ دعا تو تجھے قبول کرنی ہی ہوگی)۔ (مکروہ) ۳۶۔ کسی گناہ کی یا قطع رحمی کی دعا نہ کرے۔ (شرط) ۳۷۔ جو چیز روزِ اوّل [شروع دن] سے ہوچکی ہے اس (کے خلاف) دعا نہ مانگے۔ (مثلاً: الٰہی تو مجھے عورت سے مرد یا مرد سے عورت بنادے)۔ (شرط) ۳۸۔ دعا میں حد سے تجاوز نہ کرے کہ کسی محال اور ناممکن امر کی دعا مانگے۔ (شرط) ۳۹۔ اللہ کی رحمت میں تنگی نہ کرے (مثلاً:الٰہی تو میری ہی مغفرت کر اور کسی کی نہ کر)۔ (مکروہ) ۴۰۔ اپنی تمام حاجتیں (چھوٹی ہوں یا بڑی کتنی ہی معمولی کیوں نہ ہوں) اللہ سے مانگے۔