حصن حصین مترجم اردو - یونیکوڈ - غیر موافق للمطبوع |
|
مَنِ اسْتَعَاذَ بِاللّٰہِ فِی الْیَوْمِ عَشْرَ مَرَّاتٍ مِّنَ الشَّیْطَانِ وَکَّلَ اللّٰہُ بِہٖ مَلَکًا یَّرُدُّ عَنْہُ الشَّیَاطِیْنَ۔ اِس کا لفظی ترجمہ یہ ہوتا ہے: ’’جو شخص دن میں دس مرتبہ شیطان سے اللہ تعالیٰ کی پناہ مانگتا ہے اللہ تعالیٰ اس کے لیے ایک فرشتہ مقرر فرمادیتے ہیں جو شیطانوں کو اس سے دور رکھتا ہے۔‘‘ ہم نے اس ’’تعوُّذ‘‘ کو دن کی دعائوں کے ذیل میں اس طرح درج کیا ہے: دن میں کم از کم دس مرتبہ یہ ’’تعوُّذ‘‘ پڑھاکرے: اَعُوْذُ بِاللّٰہِ مِنَ الشَّیْطٰنِ الرَّجِیْمِ۔ ’’میں پناہ لیتا ہوں اللہ کی مردود شیطان سے۔‘‘ فائدہ: حدیث شریف میں آیا ہے: ’’جو شخص اللہ تعالیٰ سے دن میں دس مرتبہ شیطان سے پناہ مانگتا ہے اللہ تعالیٰ اسکو شیطانوں سے بچانے کے لیے ایک فرشتہ مقرر فرمادیتے ہیں۔‘‘ دیکھئے! اِس میں حصن حصین کا کوئی لفظ نہ کم ہوا ہے نہ زیادہ، صرف ترتیب بدلی ہے اوروہ بھی صرف اِس غرض سے کہ یہ تعوُّذ دن کے اذکار میں نمایاں طور پر آجائے اور اِس کے بعد حدیث شریف میں جو اس کا فائدہ مذکور ہے وہ علیحدہ واضح ہوجائے تاکہ پڑھنے والا اس مختصر سے ’’تعوُّذ‘‘ کے عظیم فائدہ سے واقف ہوجائے اور پورے شوق ورغبت سے اسے پڑھا کرے۔ ب: فجر کے وقت سنتیں گھر میں پڑھ کر گھر سے نکلنے کی دعائوں کے ذیل میں مصنف ؒ حصن حصین میں حضرت امِّ سلمہؓ کی حسب ذیل فعلی روایت بیان کرتے ہیں: مَا خَرَجَ رَسُوْلُ اللّٰہِ ﷺ مِنْ بَیْتِیْ قَطُّ اِلَّا رَفَعَ طَرْفَہٗ اِلَی السَّمَآئِ فَقَالَ: اَللّٰہُمَّ اِنِّیْ اَعُوْذُ بِکَ مِنْ اَنْ اَضِلَّ اَوْ اُضَلَّ اَوْ اَزِلَّ اَوْ اُزَلَّ اَوْ اَظْلِمَ اَوْ اُظْلَمَ اَوْ اَجْھَلَ اَوْ یُجْھَلَ عَلَیَّ۔ اس حدیث کا لفظی ترجمہ کتاب کے مطابق اِس طرح ہوتا: (حضرت امّ سلمہؓ فرماتی ہیں) ایسا کبھی نہیں ہوا کہ رسول اللہﷺ (فجر کی نماز کے لیے) میرے گھر سے نکلے ہوں اور آپ نے آسمان کی طرف نگاہ اُٹھا کر یہ دعا نہ پڑھی ہو: اے اللہ! میں تیری پناہ لیتا ہوں اِس سے کہ میں (خود) گمراہ ہوجائوں یا گمراہ کیا جائوں، یا میں (خود سیدھے راستہ سے) ۔ِپھسل جائوں یا پھسلا دیا جائوں، یا میں (خود کسی پر) ظلم کروں یا مجھ پر ظلم کیا جائے، یا میں (خود کسی کے ساتھ)جہالت کا برتائو کروں یا میرے ساتھ جہالت کا برتائو کیا جائے۔ ہم نے اس دعا کو فجر کی نماز کے لیے گھر سے نکلنے کے وقت کی دعائوں میں نمبر ۴ پر ا ِس طرح درج کیا ہے: