حصن حصین مترجم اردو - یونیکوڈ - غیر موافق للمطبوع |
|
۴۔ اگر کسی دعوت میں عمدہ عمدہ اور لذیذکھانے کھائے تو کھانا شروع کرنے سے پہلے بِسْمِ اللّٰہِ وَعَلٰی بَرَکَۃِ اللّٰہِ۔ اللہ کے نام کے ساتھ اور اللہ کی دی ہوئی برکت پر (ہم یہ کھانا کھاتے ہیں)۔ کہے اور سیر ہونے کے بعد یہ دعا پڑھے: اَلْحَمْدُ لِلّٰہِ الَّذِیْ ھُوَ اَشْبَعَنَا وَاَرْوَانَا وَاَنْعَمَ عَلَیْنَا وَاَفْضَلَ۔ اس اللہ تعالیٰ کا (لاکھ لاکھ) شکر ہے جس نے ہمیں سیر کیا اور سیراب کیا اور ہم پر فضل وانعام فرمایا۔ فائدہ: حدیث شریف میں ایک واقعہ کا ذکر ہے کہ ایک مرتبہ رسول اللہﷺ اور حضرت ابوبکر صدیق و عمر فاروق ؓ ابوالہیثم نامی صحابی کے مکان پر دعوت میں گئے اور وہاں (اول) تازی کھجوریں کھائیں، اس کے بعد (بھنا ہوا) گوشت کھایااور ٹھنڈا پانی پیا تو اس پر رسول اللہﷺ نے فرمایا: یہی ہیں وہ نعمتیں جن کے متعلق قیامت کے دن تم سے سوال کیا جائے گا۔ یہ بات صحابۂ کرام ؓ کو بڑی دشوار محسوس ہوئی تو آپ نے فرمایا: جب تمہیں ایسی چیزیں (کھانے کو) ملا کریں تو بِسْمِ اللّٰہِ وَعَلٰی بَرَکَۃِ اللّٰہِ پڑھ لیا کرو اور سیر ہونے کے بعد مذکورہ بالا الفاظ میں شکریہ ادا کرلیا کرو تو (تمہاری) یہ (شکر گذاری) اس نعمت کا بدل ہوجائے گی (اور حق نعمت ادا ہوجائے گا)۔1 ۵۔ اگر کھانا شروع کرتے وقت بِسْمِ اللّٰہِ پڑھنا یاد نہ رہے تو جس وقت یاد آئے کہے بِسْمِ اللّٰہِ اَوَّلَہٗ وَاٰخِرَہٗ (اللہ کے نام کے ساتھ اوّل میں بھی آخر میں بھی)۔ فائدہ: حدیث شریف میں آیا ہے کہ اگر کھانا شروع کرنے کے وقت بِسْمِ اللّٰہِ پڑھنا بھول جائے تو جب یاد آئے بِسْمِ اللّٰہِ اَوَّلَہٗ وَاٰخِرَہٗ کہہ لے۔2