مجالس صدیق جلد 1 |
§فادات ۔ |
|
اب اگر ایک سال کسی بزرگ کے پاس رہے اور تھوڑی بہت مناسبت پیدا ہوئی پھر وہاں سے چھوڑکر دوسری جگہ چلے گئے،پھر ایک سال بعد وہاں سے بھی چلے گئے نہ ادھر کے رہے نہ اُدھر کے رہے،کسی سے بھی مناسبت نہیں پیدا ہوئی،اور کسی مربی کا رنگ نہیں چڑھا،اس لئے اگر کہیں رہے تو مستقل رہے ،تعلق قائم رکھے تو مستقل، جبھی رفتہ رفتہ فائدہ ہوتا ہے۔ ایک دم سے فیض نہیں ہوتا بلکہ جس طرح مناسبت بڑھتی جاتی ہے اسی طرح فیض میں اضافہ ہوتا رہتا ہے ،اور آج کل ہماری اصلاح نہ ہونے کا سبب یہی ہے کہ کسی سے مناسبت نہیں ہوتی اس لئے ہم کسی سے پورے طور پر فائدہ نہیں اُٹھاپاتے۔بزرگوں کی آمد اور ان سے ملاقات وزیارت بھی اللہ کا انعام ہے فرمایا:بندوں پر اللہ تعالیٰ کی بے شمار نعمتیں ہیں ۔اگر ان نعمتوں کا شکر اداکیا جائے تو اللہ تعالیٰ نعمتوں میں اضافہ فرماتا ہے۔ناقدری کی جا ئے تو اللہ تعالیٰ نعمتوں سے محروم کردیتا ہے۔نعمتیں تو اللہ تعالیٰ کی بہت ہیں لیکن بعض نعمتیں بہت اہم ہیں اور وہ ہے اللہ کے نیک بندوں کی صحبت،ان کی زیارت اور ان کی معیت،ان کی خدمت میں حاضری اور ان سے ملاقات یہ سب اللہ کی بڑی نعمتیں ہیں ۔ مدرسہ کی برکت سے الحمد للہ یہاں بہت سے اللہ کے بندے آتے رہتے ہیں ان کی زیارت اور ملاقات کو غنیمت سمجھنا چاہئے،ان کی تشریف آوری کے وقت ان سے فائدہ اُٹھانا چاہئے،ان کی بات غور سے سُننا چاہئے۔ آج جو مہمان آئے ہوئے ہیں (مولانا مفتی محمد سلمان صاحب منصورپوری استاذ مدرسہ شاہی مرادآباد) وہ حضرت مدنی ؒکے نواسے ہیں ،ماشاء اللہ علم وعمل کی دولت سے اللہ نے نوازا ہے جیسے کچھ ہیں آپ خود دیکھ لیں گے،پھر حضرت والا نے طلبہ کے مجمع میں ان کا بیا ن کرایا۔