مجالس صدیق جلد 1 |
فادات ۔ |
|
انہیں ربانی علماء اور مربی ومصلح شیوخ میں ہے جن کو اللہ تعالی نے اخلاص وللہیت ، جذبہ اصلاح وتبلیغ ، فہم سلیم ، حقیقت شناسی اور حقیقت بینی اور راہ ِخدا میں جفا کشی وبلند ہمتی کے اوصاف سے متصف فرمایا ہے ۔ اور اظہار حق اور صحیح مشورہ کی جرأت بھی عطا فرمائی ہے ۔ آپ کی مجالس میں صحیح طریقہ کی رہنمائی ، نفسانی اور قلبی بیماریوں اور کمزوریوں کی نشان دہی ، معاشرہ میں پھیلے ہوئے عیوب، خلاف شرع اور خلاف سنت طریقوں اور رواجوں کی مذمت اور ان کے ازالہ کے عزم اور جدوجہد کی دعوت، بزرگان سلف اور عہد کے مستند اور جلیل القدر مشائخ ومصلحین کے اقوال وحکایات اور طریق عمل کا بیان اور ان کی شوق انگیز اور ایمان خیز واقعات ومشاہدات ملتے ہیں ، جن کو مولانا کی مجالس میں شرکت اور تعلیم وتربیت سے استفادہ کا موقع ملا ان کو ان مضامین وبیانات کی افادیت اور اثر انگیزی کا اندادز ہے۔ خدا کا شکر ہے کہ فاضل عزیز مولوی محمد زید صاحب نے ان افادات وملفوظات کو جمع کرنے کی کوشش کی ہے ، یہ ایک قابل قدر اصلاحی وتربیتی ذخیرہ تھا جو ان کے مجالس کے ملفوظات ومکتوبات میں پھیلا ہوا تھا ، اس کا اندیشہ تھا کہ یہ بیش قیمت ذخیرہ یا تو امتداد زمانہ کے نذر ہوجائے یا خطوط ومکاتیب کے صفحات میں محدود رہ جائے ۔ مولانا محمد زید مظاہری ندوی صاحب قارئین معاصرین ، مدارس کے فضلاء طلباء ، طالبین حق اور اپنی اصلاح وتربیت کے خواہش مندوں کے شکریہ کے مستحق ہیں کہ انہوں نے ایک مجموعہ میں ان کو جمع کر دیا ہے ،جس کا نام’’ علمی واصلاحی ملفوظات ومکتوبات‘‘(مجالس صدیق) رکھا ہے۔ اس قابل قدرذخیرہ میں تنوع بھی ہے اوروحدت بھی ، وسعت بھی اور مقصد ونتیجہ کی ترکیز بھی ، اس سے فضلاء وطلباء مدارس دینیہ ،ملت کے مختلف طبقات کے افراد اور انفرادی واجتماعی اصلاح کا کام کرنے والے اور تزکیہ نفس کے خواہشمند فائدہ اٹھاسکتے ہیں ۔ اللہ تعالی اس سعی کو قبول فرمائے ۔ جامع ملفوظات ومکتوبات کو جزائے خیر دے ۔ اور قارئین کو اس سے پورے استفادہ کی توفیق عطا فرمائے ۔ واللہ لا یضیع اجر المحسنین۔ ابو الحسن علی ندوی ۲۴؍ صفر ۱۴۱۷ھ