حیات طیب رحمہ اللہ تعالی جلد 2 |
یات طیب |
|
اب تک دور سے ہی سنا تھا اور دور سے ہی دیکھا تھا، ان دنوں خاکسار دارالعلوم معینیہ سانحہ ضلع مونگیر کی صدارت تدریس کی خدمت انجام دے رہا تھا، اور اس مدرسہ کو خس پوش چھپر سے پختہ بلڈنگ میں منتقل کرنے کی جد و جہد میں ہمہ تن مصروف تھا، ۳۰؍جون ۱۹۵۶ء کو دارالعلوم دیوبند (یوپی) کا ایک لفافہ ڈاک سے موصول ہوا، حیرت ہوئی کہ دیوبند میں میرا کوئی نہیں ، کس نے یاد کیا، کھولا تو دارالعلوم کے پیڈ پر ٹائپ شدہ خط ملا۔ حضرت المحترم زید مجدکم السامی سلام مسنون، نیاز مقرون،صحتوریٔ مزاج کا خواہاں ہوں ، اس وقت ایک خاص ضرورت سے عریضہ لکھ رہا ہوں اور وہ یہ ہے کہ اس وقت دارالعلوم کے شعبہ تبلیغ اور یہاں کے نشر و اشاعت کو ایک ایسے فاضل کی ضرورت ہے، جو صاحب ِ قلم، خوش تحریر، اور شرعی مسائل و حقائق کو دلنشیں پیرایہ میں اچھے اسلوب کے ساتھ، موجودہ دور کے تقاضوں کے مطابق پیش کرنے پر قادر ہو، بالخصوص مودودی صاحب اور جماعت اسلامی کے ان نظریات کا جو اہل سنت و الجماعت کے مسلک سے ہٹے ہوئے ہیں ، اصول و دلائل کی روشنی میں تجزیہ کرکے ان کا کھرا اور کھوٹا واضح کرسکتا ہو، نیز مخالف تحریرات سے انصاف و اعتدال کے ساتھ اخذ کرنے اور اس پر سنجیدہ گرفت کرنے کا سلیقہ رکھتا ہو، اور معاندین کے شبہات و اعتراضات کا شرعی مواد کی روشنی میں متانت کے ساتھ جواب دینے کی اہلیت رکھتا ہو، ساتھ ہی اکابر دارالعلوم کے بتلائے ہوئے اسالیب بیان و عنوانات کلام پر، ان کے ذوق و فکر کی روح کو محفوظ رکھتے ہوئے، اچھے ڈھنگ سے ان کے مقصود کی ترجمانی کر سکتا ہو، اور اسی کے ساتھ احیاناً دارالعلوم کی ضروریات یا بیرونی دعوت پر حسب موقع تقریر بیان پر بھی قادر ہو۔ اس سلسلہ میں مختلف شخصیتوں کے نام کے ساتھ جناب کا اسم گرامی بھی سامنے آیا، بندہ کا حسن ظن تو ذات سامی کی نسبت جو ہے وہ ہے، اور وہی اس تحریر کا باعث ہوا ہے لیکن درخواست یہ ہے کہ معیار بالا کی رو سے اپنے بارے میں خود جناب بے تکلف اظہار خیال فرمادیں ، کہ ان خدمات مطلوبہ کو جذبات مذکورہ کے ساتھ انجام دے سکیں گے یا نہیں ؟ اگر دے سکیں تو مطلع فرما دیں تا کہ میں مجلس انتخاب میں اسم گرامی کو اپنی سفارش کے ساتھ پیش کر سکوں ، ساتھ ہی اگر کوئی مقالہ یارسالہ یا مضمون یا تالیفات میں سے ہو تو اسے بھی ارسال فرما دیں ، خواہ مطبوعہ ہو یا مخطوطہ، امید ہے کہ مزاج گرامی بعافیت ہوگا۔ والسلام محمد طیب مہتمم دارالعلوم دیوبند ۱۹۷۵؍۱۱؍۱۵