کتاب الجنائز |
|
تفصیل اس کی یہ ہے کہ سب سے پہلے لفافہ بچھاکر اس پر سینہ بند اور ازار بچھا دیں ، پھر قمیص کا نچلا نصف حصہ بچھا کر اوپر کا باقی حصہ سمیٹ کر سرہانے کی جانب رکھ دیں ۔ (احکامِ میت: 85) تکفین : میت کو غسل کے تختے سے آہستگی سے اُٹھا کر بچھے ہوئے کفن پر لٹادیں اور قمیص کا جونصف حصہ سرہانے کی جانب رکھا تھا اُس کو سر کی طرف سے پیروں کی طرف اس طرح الٹ دیں کہ قمیص کا سوراخ یعنی گریبان گلے میں آجائے ۔ اس طرح قمیص پہنانے کے بعد میت کے اوپر سے وہ تہبند اٹھا لیا جائے گا جو غسل دیتے ہوئے ستر کے طور پر میت کے اوپر ڈالا گیا تھا ۔ پھر سر کے بالوں کو دو حصے کر کے قمیص کے اوپر سینہ پر دائیں اور بائیں طرف ڈال دیں۔ پھر اوڑھنی یعنی دوپٹہ سر اور بالوں پر ڈال دیں، اُس کو باندھنا یا لپیٹنا نہیں چاہیئے ۔ اس کے بعددوپٹہ کے اوپر ازار اس طرح لپیٹیں کہ پہلے بایاں پھر دایاں کنارہ ، یعنی دایاں اوپر رہے ۔ اس کے بعد سینہ بند اس طرح باندھا جائے گا کہ بغلوں سے نکال کرسینہ کے اوپر گھٹنوں تک دائیں بائیں سے باندھیں گے ۔پھر لفافہ اُسی طرح بائیں اور دائیں طرف سے لپیٹیں گے اس طرح کہ دایاں اوپر رہے ۔ پھر کپڑے کی دھجی یعنی کتر لے کر کفن کو سر ، پاؤں اور درمیاں سے باندھ دیا جائے گا تاکہ ہوا سے یا ہلنے جُلنے سے کُھل نہ جائے ۔ (احکامِ میت :85) تطییب (خوشبو اور کافور مَلنا ) : کفناتے ہوئے مذکورہ بالا ترتیب کے مطابق قمیص پہنانے کے بعد میت کے سر پر عطر وغیرہ کوئی خوشبو لگادیں گے،عورت کو زعفران بھی لگاسکتے ہیں۔