کتاب الجنائز |
|
﴿موت کے قریب کے احکام﴾ جب انسان کی وفات کا وقت قریب آجائے تو اُس وقت کیلئے بھی کچھ کام احادیث میں بیان کیے گئے ہیں جن میں کچھ ایسے کام ہیں جو قریب المرگ کے کرنے کے اور کچھ اُس کے قریب موجود افراد کے کرنے کے کام ہیں ، ان کو پہلے سے سیکھنا چاہیئے تاکہ اُس پر کٹھن مرحلہ میں عین وقت پر کسی قسم کی پریشانی نہ ہو اور سنت کے مطابق اِسلامی تعلیمات پر عمل کیا جاسکے۔زندگی سے مایوس شخص کے لئے کرنے کے کام: کبھی انسان ایسی حالت میں آجاتا ہے کہ بظاہر اُس کی زندگی کی کوئی اُمید نہیں رہتی،کوئی ایسی خطرناک اور بڑی بیماری لگ جاتی ہے جس میں اطباء اور مُعالجین نے جواب دیدیا ہوتا ہے،ایسے میں انسان کوکیا کرنا چاہیئے ،اِس بارے میں حضرت علّامہ نووینے اپنی مشہور کتاب ”الأذکار“ میں کچھ اہم کام ذکر کیے ہیں ، ذیل میں اُنہی کی تلخیص ذکر کی جارہی ہے: (1)قرآن کریم کی بکثرت تلاوت۔ (2)جزع فزع(بے صبری اور بے قراری) سے احتراز۔ (3)بد اخلاقی، گالیاں اور جھگڑے وغیرہ سے مکمل احتراز۔ (4)اپنے قلب اور زبان کے ذریعہ زیادہ سے زیادہ اللہ تعالیٰ کا شکر۔ (5)خاتمہ بالخیر کے حصول کیلئے خوب کوشش کرنا ۔