کتاب الجنائز |
|
کفن کی اقسام: کفن کی تین قسمیں ہیں: (1)کفنِ سنت ۔ (2)کفنِ کفایت ۔ (3)کفنِ ضرورت ۔ کفنِ سنت : مرد کے لیے سنت کفن تین کپڑے ہیں : (1)کرتہ ۔(2) ازار۔(3)چادر۔ عورت کے لئے سنّت کفن پانچ کپڑے ہیں : (1)کرتہ ۔ (2)ازار ۔(3)اوڑھنی یعنی دو پٹہ۔ (4)چادر ۔ (5)سینہ بند۔(الدُّر المختار:2/202،203) کفنِ کفایت : مرد کے لیے دو کپڑے ہیں : (1)ازار۔(2)لفافہ۔ عورت کے لیے کفنِ کفایت تین کپڑے ہیں :(1)ازار یا کرتہ ۔(2)چادر یعنی لفافہ۔(3)اوڑھنی یعنی دو پٹہ۔(الدُّر المختار:2/203) کفنِ ضرورت : کفنِ ضرورت دونوں کے لیے یہ ہے کہ جو میسر آجائے اور کم ازکم اتنا تو ہو نا چاہیئے کہ سارا بدن ڈھک جائے ، خواہ نئے کپڑے کا ہو یا پرانے کپڑے کا۔(عمدۃ الفقہ باختصار:2/502)( الدر المختار:2/204) فائدہ : کفن میں اصل یہ ہے کہ مسنون کفن دیا جائے ، لیکن کفنِ کفایت دینےسے بھی کفن ہوجاتا ہے ، البتہ اس سے کم کفن دینا مکروہ اور بُرا ہے ، ہاں!اگر اس قدر بھی کپڑا دستیاب نہ ہو تو بامرِ مجبوری اس سے کم یعنی کفنِ ضرورت دینا بھی جائز ہے ۔ (احکامِ میت : 76)