کتاب الجنائز |
|
اب اِن تینوں کاموں کی تفصیل ملاحظہ فرمائیں : ترتیب : کفن کے کپڑے رکھنے کی ترتیب یہ ہے : (1)پہلے لفافہ یعنی چادر۔ (2) پھر ازار۔ (3) پھر قمیص کا نچلا نصف حصہ ۔ تفصیل اس کی یہ ہے کہ چار پائی پر پہلے لفافہ یعنی چادر بچھا کر اُس پر ازار بچھادیں ، پھر اُس کے اوپر کرتا یعنی قمیص کا نچلا نصف حصہ بچھادیں اور اوپر کا باقی حصہ سمیٹ کر سرہانے کی جانب رکھ دیں ۔ (احکامِ میت : 83) تکفین : مُردے کو غسل کے تختے سے آہستگی سے اُٹھا کر بچھے ہوئے کفن پر لٹادیں اور قمیص کا جونصف حصہ سرہانے کی جانب رکھا تھا اُس کو سر کی طرف سے پیروں کی طرف اس طرح الٹ دیں کہ قمیص کا سوراخ یعنی گریبان گلے میں آجائے ، اس طرح قمیص پہنانے کے بعد میت کے اوپر سے وہ تہبند اٹھا لیا جائے گا جو غسل دیتے ہوئے ستر کے طور پر میت کے اوپر ڈالا گیا تھا ۔ اس کے بعد ازار کو اس طرح لپیٹا جائے گا کہ پہلے بایاں پھر دایاں کنارہ لپیٹا جائے گا یعنی بایاں کنارہ نیچے اور دایاں اوپر رہے گا ۔ اُس کے بعد لفافہ یعنی چادر کو بھی ازار کی طرح (یعنی پہلا بایاں پھر دایاں کنارہ ) لپیٹ دیا جائے گا ،پھر کپڑے کی ایک دھجی یعنی کتر ن لے کر کفن کو سر ، پاؤں اور درمیاں سے باندھ دیا جائے گا تاکہ ہوا سے یا ہلنے جُلنے سے کُھل نہ جائے ۔ (احکامِ میت : 83،84)