افیون کے علاوہ ٹانک وائن بھی چنانچہ مرزاقادیانی حکیم محمد حسین قریشی کے نام ایک خط میں لکھتے ہیں: ’’اس وقت میاں یار محمد بھیجا جاتا ہے۔ آپ اشیائے خریدنی خود خرید دیں اور ایک بوتل ٹانک وائن کی پلومر کی دکان سے خرید دیں۔ مگر ٹانک وائن چاہئے۔ اس کا لحاظ رہے۔‘‘
(خطوط امام بنام غلام ص۵)
الہامات
مرزاقادیانی کے مزعومہ الہامات کی بعض مثالیں ہم پہلے لکھ چکے ہیں۔ چند ایک اور ملاحظہ فرمائیے:
۱… ’’دیکھا کہ میرے مقابل کسی آدمی نے یا چند آدمیوں نے پتنگ چڑھائی ہے اور وہ پتنگ ٹوٹ گئی اور میں نے اس کو زمین کی طرف گرتے دیکھا۔ پھر کسی نے کہا غلام احمد کی جے۔‘‘ (تذکرہ ص۷۲۳، طبع سوم)
۲… مرزاقادیانی اپنے دعویٰ مجددیت کی سند میں لکھتے ہیں: ’’جس نے دعویٰ کیا اس کا نام بھی یعنی غلام احمد قادیانی اپنے حروف کے اعداد سے اشارہ کر رہا ہے۔ یعنی ۱۳۰۰ کا عدد جو اس نام سے نکلتا ہے وہ بتلا رہا ہے کہ تیرھویں صدی کے ختم ہونے پر یہی مجدد آیا جس کا نام تیرہ سو کا عدد پورا کرتا ہے۔‘‘ (تریاق القلوب ص۱۶، خزائن ج۱۵ ص۱۵۷،۱۵۸)
ضمناً یہ پہلے لکھا جاچکا ہے۔ مرزاقادیانی کے نام کے متعلق ’’احمدی‘‘ حضرات یہ کہتے ہیں کہ ان کا نام صرف احمد تھا۔ غلام کا لفظ خاندانی رواج کے مطابق ساتھ لگادیا تھا۔ یہاں آپ دیکھتے ہیں کہ خود مرزاقادیانی اپنا نام غلام احمد قادیانی لکھتے ہیں۔ جس کے عدد تیرہ سو بنتے ہیں۔ اگر ان کا نام صرف احمد تھا تو پھر اس عددی دلیل کے متعلق کیا کہا جائے گا۔
۳… مرزاقادیانی نے اپنے ایک الہام میں کہا کہ: ’’اﷲتعالیٰ نے مجھ سے کہا میں نماز پڑھوںگا اور روزہ رکھوںگا۔ جاگتا ہوں اور سوتا ہوں۔‘‘ (البشریٰ ج دوم ص۷۹)
نماز، روزہ کے علاوہ میں سوتا ہوں۔ اس خدا کے متعلق کہاگیا ہے جس نے قرآن کریم میں اپنے متعلق کہا ہے کہ: ’’لا تاخذہ سنۃ ولا نوم‘‘ یعنی نیند تو ایک طرف اسے اونگھ تک بھی نہیں آتی۔
۴… ایک الہام ہے جس میں اﷲتعالیٰ نے مرزاقادیانی سے کہا: ’’تو مجھ سے بمنزلہ میرے فرزند کے ہے۔‘‘ (حقیقت الوحی ص۸۶، خزائن ج۲۲ ص۸۹)
دوسرے الہام میں کہا: ’’تو مجھ سے ہے اور میں تجھ سے ہوں۔ تیرا ظہور میرا ظہور ہے۔‘‘ (تذکرہ مجموعہ الہامات ومکاشفات ص۷۰۴، طبع سوم)