احمدیہ جماعت کی طرف سے اجرائے نبوت کے حق میں ایک دلیل یہ دی جاتی ہے کہ اس سے خدا تعالیٰ کی ہستی ایک یقین کے ساتھ ثابت ہوتی ہے۔ مرزاقادیانی کے دعویٰ کی یہ توجیہہ اب زیادہ مقبول ہے اور بالخصوص مغربی ممالک میں تبلیغ کے لئے اس پر زیادہ انحصار کیا جاتا ہے۔ دلیل یہ ہے کہ احمدی ایک زندہ خدا کے قائل ہیں۔ ان کا عقیدہ یہ ہے کہ خدا جس طرح پہلے کلام کرتا تھا۔ اب بھی کرتا ہے۔ اس کے برخلاف غیر احمدی عقیدہ کے مطابق خدا کا سکوت لازم آتا ہے۔ جو ایک طرح سے زندگی کے منافی ہے۔ دلیل کا دوسرا پہلو یہ ہے کہ بغیر ذاتی تعلق اور مکالمہ ومخاطبہ کے خدا کی ہستی کی نسبت صرف ایک ظن پیدا ہوتا ہے اور یہ ظن خواہ کتنا ہی غالب ہو۔ بہرحال یقین کے درجے کو نہیں پہنچتا۔ کائنات پر تدبیر اور دیگر عقلی ذرائع سے صرف یہ ثابت ہوتا ہے کہ خدا ہونا چاہئے۔ لیکن ہے کا مقام ہونا چاہئے سے آگے ہے۔
دلیل بظاہر جاذب توجہ ہے۔ لیکن تھوڑے تدبر سے معلوم ہوجاتا ہے کہ فی الواقع اسکی کوئی حقیقت نہیں ہے۔ خدا کی ذات ازل سے ابد تک قائم ودائم ہے۔ انسان کے ساتھ اس کا خطاب عارضی ذریعۂ ہدایت ہے۔ مستقل ذریعہ جیسا کہ پہلے لکھا جاچکا ہے۔ جو ہر عقل اور کائنات کا نظام ہے اور اسی پر قرآن میں انحصار کیاگیا ہے۔ حیرت ہے کہ کائنات کا یہ نظام تو انسان کو خدا کی ہستی کا قائل نہ کر سکے اور اس بات سے وہ قائل ہو جائے کہ خدا کلام بھی کرتا ہے اور پھر یہ کلام اس سے نہیں کیاگیا۔ بلکہ ایک اور شخص سے کیاگیا ہے۔ اس دلیل کے مطابق تو خدا پر مکمل ایمان صرف ان لوگوں کا ہوسکتا ہے۔ جن سے خدا کلام کرے۔ موجودہ دور میں اگر مرزاقادیانی کے ساتھ ان کے متبعین میں سے چند خواص کو بھی شامل کر لیا جائے تو بھی مکالمہ ومخاطبہ سے مشرف ہونے والے چند سو اشخاص بنتے ہیں۔ دیگر مخلوق خدا کیوں خدا پر ایمان لائے۔ اگر خدا کی ہستی اس کے کلام سے ہی ثابت ہوتی تو چاہئے یہ تھا کہ خدا ہر ایک سے کلام کرتا اور خدا کی زندگی کا یہ کوئی اعلیٰ نمونہ نہیں ہے کہ چودہ سو سال کے بعد کلام کرے اور صرف ایک شخص کے ساتھ اس درمیانی دور میں اس کی زندگی کا کیا ثبوت تھا؟ اور اب مرزاقادیانی کے بعد کیا ثبوت ہے؟ اور بہرحال جو لوگ پہلے ہی خدا کے قائل ہیں۔ ان کے لئے مرزاقادیانی پر ایمان لانا کیونکر ضروری ہے؟ اوراگر خدا کی ہستی کے ثبوت کے لئے اس کا کلام ضروری ہے۔ توقرآن اور پہلے انبیاء کی وحی کی صورت میں یہ کلام موجود ہے۔ مرزاقادیانی کے الہام سے اس ثبوت میں کیا اضافہ ہوتا ہے؟