کتاب الجنائز |
|
متعلّق بالمصلّی کا مطلب یہ ہے کہ وہ شرائط جن کا مصلِّی یعنی نمازِ جنازہ پڑھنے والےمیں پایا جانا ضروری ہے ، اور اس میں وہی تمام شرائط ہیں جو عام نماز کی شرائط ہیں ، یعنی : (1)بدن کا پاک ہونا ۔ (2)جگہ کا پاک ہونا ۔ (3)کپڑوں کا پاک ہونا۔ (4)ستر کا چھپانا۔ (5)قبلہ رُخ ہونا۔ (6)نیت کرنا ۔ متعلق بالمیّت : متعلّق بالمیّت کا مطلب یہ ہے کہ وہ شرائط جن کا میت میں پایا جانا ضروری ہے ،اس کے بغیر اُس کی نمازِ جنازہ پڑھنا درست نہیں ہوتا،اور ایسی شرطیں چھ ہیں : میت کا مسلمان ہونا ،چنانچہ کافرکی نمازِ جنازہ درست نہیں ۔ میت کے بدن اور کفن کا نجاستِ حقیقیہ اور حکمیہ سےپاک ہونا ۔ہاں! اگر نجاستِ حقیقیہ میت کے بدن سے کفنانے کے بعد خارج ہوئی ہو اور اس سے میت کا بدن یا کفن نجس ہوجائے تب بھی نماز ہوجائے گی ۔ میت کا واجب الستر جسم چھپا ہوا ہونا ۔ چنانچہ میت اگر برہنہ ہو تو نماز درست نہ ہوگی ۔ میت کا نماز پڑھنے والوں سے آگے ہو نا ۔ میت کا جسم یا وہ چیز (چار پائی وغیرہ ) یا جس پر میت ہو ، اُس کا زمین پر رکھا ہوا ہونا ضروری ہے، چنانچہ اگر لوگوں نے میت کو ہاتھوں میں اُٹھا یا ہو یا کسی گاڑی وغیرہ میں میّت رکھی ہواور اسی حالت میں نماز پڑھی جائے تو عذر کے بغیر صحیح نہ ہوگی ۔