حضور صلی اللہ علیہ و سلم کا ذوق جمال |
(۳۵)غسل (سارے جسم کی صفائی)فطری طریقہ اور لباس : حسن و نظافت کے بے شمار اصول ایسے ہیں جن کی ادائیگی میں ایک امتی اپنے نبی ﷺکو دل و جان میں بسائے رکھتاہے ۔وہ ہر کام میں یہ سوچتاہے کہ میرے حبیب ﷺنے یہ کام کیسے کیا تھا؟وضوکی طرح غسل کو بھی نبی رحمت ﷺنے عبادات کے ساتھ جوڑا ہے ۔’’اَلغَسْل‘‘عربی لفظ ہے دھونے کا معنی دیتاہے، لیکن عرفِ عام میں سارے جسم کو دھونا مراد ہے ،یہ حسن و جمال اور حصولِ زینت کے فطری طریقوں میں سے ہے سیدِ دوعالم ﷺکے مبارک زمانہ میں پانی مشکل سے حاصل ہوتاتھا ،اس کے باوجود بہت کثرت سے ایسے واقعا ت ملتے ہیں جن میں سیدنامحمد ﷺکے غسل کا تذکرہ ہے،ہر انسان مسلمان ہو نے سے پہلے غسل کر تاہے اور پھر کلمہ پڑھتا ہے ۔غسل کر لینے سے انسان تازہ دم ہو جاتاہے خالقِ کائنات فرماتے ہیں ’’وَجَعَلْنَا مِنَ الْمَآئِ کُلَّ شَیْْء ٍ حَیٍّ ‘‘(10)(اور ہم نے ہر چیز کو پانی سے زندہ رکھاہے )، اسی اصول سے استفادہ کرتے ہوئے پانچ وقت وضو ،طہارت اور کبھی غسل کر کے مسلمان پانی کے ذریعے اپنے جسم کو تر و تازہ رکھتاہے ،جسم کی تازگی حسنِ انسانی کا لازمی عنصر ہے جس پر اسلام کی تعلیمات بہت زور دیتی ہیں ۔جمعہ ،عیدین اور لوگوں سے ملنے جلنے سے پہلے غسل کرنا ،اپنے جسم سے بدبودار لباس اتاردینا،اچھا اور خوشبو میں بسا لباس پہنناایک مسلمان کو رشکِ ملائک بنادیتاہے ۔ ؎ اس کے انفاس سے خوشبو میں روانی آئی خامشی کو روشِ زمزمہ خوانی آئی رسولِ رحمت ﷺنے ٹھنڈک کے حصول ،طبعی خواہش اور جسمانی حق کی ادائیگی کے ساتھ ساتھ عبادات میں لذّت و سرور کے لیے خود بھی جسم پہ پانی کا استعمال فرمایااور اپنے ماننے والوں کو بھی حکم دیا ،انہوں نے قبل ازاسلام بھی عبادت کے لیے اور عبادت کے علاوہ بھی اچھے ملبوسات کا اہتمام کیا جب لوگ ننگے طواف کرتے ،آپ ﷺلباس پہن کرطواف کر تے بلکہ جن لوگوں (حجاج )کو لباس میّسرنہ ہوتا،انہیں اپنا لباس پہنا دیتے تھے آ پ ﷺچاہتے تھے عبادت گاہیں پاک و معطر نمازیوں سے گل و ریحان کے چمن زار کامنظر پیش کریں ، اسی لیے انہوں نے وضو اور صفائی کو تمام عبادات کی شرط قرار دیاہے ۔ ؎ دل کی بستی میں وہ پھول کھلانے آئے وہ میرے جسم میں اِک روح بسانے آئے سیدنا محمد کریم ﷺپر جو شخص ایمان لاتاتھا رسولِ رحمت ﷺاسے غسل اور اچھّے لباس کی ترغیب دیتے تھے ،قبولِ اسلام سے پہلے پاکی کا یہ حکم ایک بڑا پیغام ہے کہ سیدنا حضرت محمد رسولُ اللہ ﷺنفاست پسند اور طہارت شعارنبی ہیں ان کاکلمہ پڑھنے والے کو پوری زندگی پاکیزگی اور سلیقہ مندی سے گزارنا ہوگی،یہ سلیقۂ زندگی ان کی