حضرت مولانا سید اصغر حسین صاحب مرحوم ومغفور چونکہ متعدد کتابوں میں میرے ہم سبق رہے تھے اس لیے میں موصوف سے بہت زیادہ واقف ہوں۔ موصوف کو اللہ تعالیٰ نے بچپن ہی سے اپنی فیاضیوں سے نواز دیاتھا۔طبیعت ذکی اور سلیم عطا کی گئی تھی۔ موصوف نو عمری کی لغویات سے عموما علیحدہ رہتے تھے۔ جس طرح ان کو شرافت نسبی عطا کی گئی تھی اسی طرح شرافت طبعی سے بھی مالا مال کیا گیا تھا۔ یہ مجموعہ ان تقریروں کا ہے جوکہ موصوف نے حضرت امام زماں شیخ الہند قدس اللہ سرہ العزیز سے ترمذی شریف پڑھتے وقت لکھی تھیں۔ چونکہ قدرت نے حفظ اور فطانت سے نوازاتھا اس لیے مضامین مندرجہ تقریر پر اطمینان کیاجاناضروری ہے۔حضرت موصوف میں کم گوئی کی خصلت حسنہ ابتداء سے اخیر تک قائم رہی اس کا اثر اس مجموعہ میں بھی ہے۔ بنابریں یہ مختصر اور مفید مجموعہ طالبین حدیث کے لیے بہت کارآمد ہے۔ میں قوی امید کرتاہوں کہ عشاق علوم نبویہ (علی صاحبہا الصلوٰۃ والسلام والتحیۃ) اس کو’’ کحل البصر‘‘ بناکر زیادہ سے زیادہ مستفید ہوں گے۔ واللہ الموفق۔
ننگ اسلاف حسین احمدغفرلہٗ
خادم علوم دینیہ دارالعلوم دیوبند، ضلع سہارنپور ۸ ۲شوال ۱۳۶۶ھ