احتساب قادیانیت جلد نمبر 30 |
|
گذر چکے ہیں۔ ان کو یہ حصہ کثیر اس نعمت کا نہیں دیاگیا۔ پس اس وجہ سے نبی کا نام پانے کے لئے میں ہی مخصوص کیاگیا ہوں اور دوسرے تمام لوگ اس نام کے مستحق نہیں۔‘‘ (حقیقت الوحی ص۳۹۱، خزائن ج۲۲ ص۴۰۶) ۱… تو کیا تیرہ سو سال تک آنحضرتﷺ (فداہ ابی وامی) روحانی اولاد سے محروم ہی رہے اور آج مرزاقادیانی کے پیدا ہونے سے صاحب اولاد ہوئے؟ ۲… پھر تیرہ سو سال کے کفار کے لئے کیا جواب ہوا؟ ۳… کیا صحابہؓ یا تابعین نے کفار کے اعتراض کا یہ جواب دیا ہے کہ اے کفار! اگرچہ بالفعل آپ روحانی اولاد سے بھی محروم ہیں۔ لیکن جب تیرہ سو سال کے بعد رئیس قادیان کی برکت سے آپ صاحب اولاد ہوںگے تو اس وقت تم کیا منہ دکھاؤگے جو ابتر کا اعتراض کرتے ہو؟ ۴… کیا صحابہ رضوان اﷲ تعالیٰ علیہم اجمعین آنحضرتﷺ کی روحانی اولاد نہیں ہیں؟ جن کے بارہ میں مرزاقادیانی فرماتے ہیں۔ ’’آنحضرتﷺ کی جماعت نے اپنے رسول مقبول کی راہ میں ایسا اتحاد اور ایسی روحانی یگانگت پیدا کر لی تھی کہ اسلامی اخوت کی رو سے سچ مچ عضو واحد کی طرح ہوگئے تھے۔ ان کے روزانہ برتاؤ اور زندگی اور ظاہر وباطن میں انوار نبوت ایسے رچ گئے تھے کہ گویا وہ آنحضرت ﷺ کی عکسی تصویریں تھیں۔‘‘ (فتح اسلام ص۳۵،۳۶، خزائن ج۳ ص۲۱) اور سنئے: ’’کیونکہ حضرت عمرؓ کا وجود ظلی طور پر گویا آنحضرتﷺ کا ہی وجود تھا۔‘‘ (سرالخلافت ص۳۲، خزائن ج۸ ص۳۵۵) ’’اور آپ (یعنی ابوبکرصدیقؓ) کتاب نبوت کے اجمالی نسخہ تھے۔‘‘ (سرالخلافت ص۳۲، خزائن ج۸ ص۳۵۵) جب صحابہؓ آپ کی عکسی تصویریں تھیں اور ان کے ظاہر وباطن میں انوار نبوت رچے ہوئے تھے اور حضرت عمرؓ کا وجود ظلی طو ر پر آنحضرتﷺ کا ہی وجود تھا اور حضرت ابوبکرصدیقؓ نبوت کے اجمالی نسخہ تھے۔ (یعنی نبوت کا نچوڑ وخلاصہ) تو پھر یہ آنحضرتﷺ کی روحانی اولاد کیوں نہیں ہوسکتے؟