احتساب قادیانیت جلد نمبر 30 |
ہوں اور جیسا کہ مسیح کے ہاتھ سے ادیان باطلہ کا مرجانا ضروری ہے یہ موت جھوٹے دینوں پر میرے ذریعہ سے ظہور میں نہ آوے۔ یعنی خداتعالیٰ میرے ہاتھ سے وہ شان ظاہر نہ کرے جن سے اسلام کا بول بالا ہو اور جس سے ہر ایک طرف سے اسلام میں داخل ہونا شروع ہو جائے اور عیسائیت کا باطل معبود فنا ہو جائے اور دنیا اور رنگ پکڑ جائے تو میں خدا کی قسم کھا کر کہتا ہوں کہ میں اپنے تئیں کاذب خیال کروںگا۔‘‘ یہ عبارت ضمیمہ انجام آتھم مطبوعہ ضیاء الاسلام قادیان ص۳۰ سے شروع ہوکر ص۳۵ پر ختم ہوئی۔ (خزائن ج۱۱ ص۳۱۶) بسم اﷲ الرحمن الرحیم! بقیہ رسالہ صاعقہ آسمانی یہاں تک تو میاں اﷲ دتہ کے نظم ونثر کا کامل جواب دیاگیا۔ کوئی بات ان کی باقی نہیں رہی اور اس سے پہلے ان کی ایک مہینہ کی میعاد کے اندر چھ ہی سات روز میں جو ایک رسالہ بھیجا گیا جس کا نام رسائل لاثانی ہے۔ جس میں انہیں آگاہ کیاگیا ہے کہ ان کے مرشد اور فریب دہندہ کے کاذب ہونے کے ثبوت میں ۱۴رسائل لکھے گئے ہیں۔ جن میں یہ ثابت کیاگیا کہ حضرت مسیح اسرائیلی زندہ ہیں۔ جن سے کامل طور سے ثابت ہوتا ہے کہ مسیح قادیانی بالیقین جھوٹے ہیں۔ اب آپ کو چاہئے تھا کہ خدا سے ڈرتے اور اپنی عاقبت کی خبر لیتے اور ان رسالوں کو منگا کر دیکھتے۔ مگر گمراہوں اور بے دینوں کی صحبت نے آپ کے دل کو ایسا خراب وسیاہ کر دیا ہے کہ کسی بھلے کام کی طرف توجہ ہی نہیں ہوتی۔ مگر خیرخواہانہ میں اور رسائل پیش کرتا ہوں۔ جن سے آفتاب کی طرح مرزاقادیانی کا کاذب اور جھوٹا ہونا روشن ہورہا ہے۔ مگر خدا کے لئے دل سے تعصب اور ہٹ دھرمی کو علیحدہ کر کے ملاحظہ کیجئے۔ چودہ رسالوں کا نام تو میں پہلے آپ کو دکھا چکا ہوں اور یہ پندرھواں رسالہ ہے۔ یعنی صاعقہ آسمانی، فیصلہ آسمانی۔ اس کے تین حصے ہیں اور ہر ایک حصہ مستقل رسالہ ہے۔ اس لئے ان کو تین رسالے سمجھنا چاہئے۔ اس میں مرزاقادیانی کے نہایت عظیم الشان منکوحہ آسمانی والی پیشین گوئی کو جھوٹا دکھا کر مختلف طور سے ان کا جھوٹا ہونا ثابت کیا ہے اور بہت سے ان کے جھوٹ دکھائے ہیں۔