احتساب قادیانیت جلد نمبر 30 |
میری اورمرزاقادیانی کی دونوں کی مراد نبوت مجازی ہے اور مجازاً غیر نبی کو نبی کہنا جائز ہے اور اس کے دلائل خواجہ صاحب نے حسب ذیل پیش کئے۔ الف… میں اور مرزاقادیانی دونوں کلمہ ایمان پڑھتے ہیں اور رسول خداﷺ کی ختم نبوت کا اقرار کرتے ہیں۔ ب… مرزاقادیانی نے خود اپنی مراد بیان کردی ہے کہ میری مراد نبوت سے مجازی ہے اور میں بھی کہتا ہوں کہ جہاں کہیں میں نے ان کو نبی لکھا ہے اس سے مراد مجازی نبوت ہے۔ ج… غیر نبی پر مرسل کا اطلاق قرآن میں ہے۔ قولہ تعالیٰ: ’’واضرب لہم مثلاً اصحاب القریۃ اذجاء ھا المرسلون‘‘ د… حدیث میں بعض اجزائے نبوت کے باقی رہنے کی خبر ہے۔ ’’لم یبق من النبوۃ الا المبشرات‘‘ (الحدیث) ہ… حدیث میں قرآن پڑھنے والے کو نبوت کا ملنا بیان ہوا ہے۔ و… ابن عباس نے حکمت سے نبوت مراد لی ہے۔ ز… امام شعرانی اور غوث الاعظم جیلانی نے نبوت کا سلسلہ قائم مانا۔ مولانا روم نے بھی پیر کو نبی کہا۔ یہ کل سات باتیں ہیں جو وقتاً فوقتاً خواجہ صاحب کی طرف سے پیش ہوئیں۔ جن کے جوابات باربار اس طرف سے دئیے گئے اور خواجہ صاحب جواب الجواب سے عاجز رہے۔ مابقیہ سوالات کے جوابات ہاں آخری چندنمبروں کا جواب نہیں دیاگیا۔ کچھ تو اس وجہ سے کہ حقیقت حال واضح ہوچکی تھی اور ہمارے جوابات سابقہ سے ان کا جواب بھی بآسانی مستنبط ہوتا تھا اور کچھ اس وجہ سے کہ وہ باتیں خواجہ صاحب کی طرف سے حضرت مولانا صاحب مدیر النجم کے تشریف لے جانے کے بعد ظاہر ہوئی تھیں۔ لہٰذا اب ہم یہاں ان تمام نمبروں کے جوابات بھی یکجا کئے دیتے ہیں۔ جواب: الف… کلمہ ایمان پڑھنا اس وقت قابل اعتبار ہوتا ہے کہ اس کے خلاف کوئی بات نہ ہو اور تمہاری ونیز تمہارے مرزاقادیانی کی خلاف باتیں بکثرت موجود ہیں۔ جن کا کچھ جواب تم نہ دے سکے۔ از آنجملہ یہ کہ مرزاقادیانی نے نبوت کا دعویٰ کیا اور تم نے بھی اس کو نبی ورسول کہا۔ ایسی کلمہ خوانی کو قرآن کریم واجب الرد قرار دیتا ہے۔