احتساب قادیانیت جلد نمبر 30 |
|
مرزاقادیانی نے امرتسر میں عیسائیوں سے مباحثہ کے بعد ۵؍جون ۱۸۹۲ء کو اپنے حریف مسٹر عبداﷲ آتھم کے متعلق یہ پیشین گوئی کی۔ (جنگ مقدس ص۱۸۸، خزائن ج۶ ص۲۹۲،۲۹۳) میں لکھتے ہیں کہ: ’’آج رات جو مجھ پر کھلا وہ یہ ہے کہ جب میں نے بہت تضرع اور ابتہال سے جناب الٰہی میں دعا کی کہ تو اس امر میں فیصلہ کر اور ہم عاجز بندے ہیں۔ تیرے فیصلہ کے سوا کچھ نہیں کرسکتے تو اس نے مجھے یہ نشان بشارت کے طور پر دیا ہے کہ اس بحث میں دونوں فریقوں میں سے جو فریق عمداً جھوٹ کو اختیار کر رہا ہے اور عاجز انسان کو خدا بنا رہا ہے وہ انہیں دنوں مباحثہ کے لحاظ سے یعنی فی دن ایک مہینہ لے کر پندرہ ماہ تک ہاویہ میں گرایا جائے گا اور اس کو سخت ذلت پہنچے گی۔ بشرطیکہ حق کی طرف رجوع کرے اور جو شخص سچ پر ہے اور سچے خدا کو مانتا ہے اس کی اس سے عزت ظاہر ہوگی اور اس وقت جب پیشین گوئی ظہور میں آئے گی بعض اندھے سوجاکھے کئے جائیںگے اور بعض لنگڑے چلنے لگیںگے اور بعض بہرے سننے لگیںگے۔‘‘ پھر مرزاقادیانی لکھتے ہیں۔ ’’میں حیران تھا کہ اس بحث میں کیوں مجھے آنے کا اتفاق پڑا۔ معمولی بحثیں تو اور لوگ بھی کرتے ہیں۔ اب یہ حقیقت کھلی کہ اس نشان کے لئے تھا۔ میں اس وقت اقرار کرتا ہوں کہ اگر یہ پیشین گوئی جھوٹی نکلے یعنی وہ فریق جو خدائے تعالیٰ کے نزدیک جھوٹ پر ہے وہ پندرہ ماہ کے عرصہ میں آج کی تاریخ سے بسزائے موت ہاویہ میں نہ پڑے تو میں ہر ایک سزا اٹھانے کے لئے تیار ہوں۔ مجھ کو ذلیل کیا جاوے۔ روسیاہ کیا جاوے۔ میرے گلے میں رسا ڈال دیا جاوے۔ مجھ کو پھانسی دیا جاوے۔ ہر ایک بات کے لئے تیار ہوں اور میں اﷲ جل شانہ کی قسم کھا کر کہتا ہوں کہ وہ ضرور ایسا ہی کرے گا۔ ضرور کرے گا۔ زمین آسمان ٹل جائیں پر اس کی باتیں نہ ٹلیں گی۔‘‘ (جنگ مقدس ص۱۸۸، خزائن ج۶ ص۲۹۲،۲۹۳) یہ عبارت مرزاقادیانی کی انہیں کے الفاظ میں ہے۔ مرزاقادیانی جانتے تھے کہ اس پیشین گوئی اور اس کے پرزور الفاظ سے آتھم ڈر جائے گا اور ڈرکر مرزاقادیانی کا مرید ہوجائے گا۔ مگر افسوس ایسا نہ ہوا۔ پندرہ مہینہ گزر گئے اور آتھم بدستور صحیح وسالم موجود رہا، نہ وہ مرا، نہ ہاویہ میں گرا۔ عیسائیوں نے ۶؍ستمبر ۱۸۹۴ء کو جب مرزاقادیانی کے پیشین گوئی کی تکذیب ہوچکی۔ ہر جگہ جشن کئے بڑے بڑے اشتہارات نکالے اور مرزاقادیانی کو خوب ہی ذلیل کیا کہ اس ذلت کو خیال کر کے آج رونگٹے کھڑے ہوتے ہیں۔ عبرت کے لئے بعض اشتہارات کی نقل حسب ذیل ہے۔ اہل لودھیانہ کی طرف سے حسب ذیل اشتہار نکلا۔