احتساب قادیانیت جلد نمبر 30 |
|
سو وہ سب پیش گوئیاں جس کے بارے میں میں نے تحدی کے ساتھ بیان کیا تھا۔ سب کی سب بلاشک وشبہ غلط ہوگئیں۔ اس پر بھی ان لوگوں نے مجھے نہیں چھوڑا اور مجھ کو نبی ورسول مانتے رہے۔ اس کے مجرم یہ لوگ خود ہیں۔ مرزاقادیانی کے اس جواب پر کف افسوس ملو گے اور پچھتاؤ گے۔ مگر اس وقت پچھتانے سے کچھ فائدہ نہ ہوگا۔ جب اﷲتعالیٰ نے حضرت محمد رسول اﷲﷺ پر نبوت ختم کر دی اور خود حضور انورﷺ نے صاف فرمادیا کہ میرے بعد میری امت میں جھوٹے، دجال، کذاب، دعویٰ نبوت کرنے والے پیدا ہوںگے اور ان کے جھوٹے ہونے کی دلیل یہ ہے کہ میں خاتم النبیین ہوں میرے بعد کوئی نبی نہیں ہوگا۔ اب یہ تو بتلاؤ کہ اس فرمان خدا اور رسول کے بعد کیا صالح بن ظریف محمد بن تومرت، ابو منصور عیسیٰ، حسن بن صباح، ابوعبداﷲ مہدی، مرزاغلام احمد قادیانی ۱؎ وغیرہ وغیرہ کے دعویٰ نبوت ومہدویت نے ثابت نہیں کردیا کہ یہ لوگ جھوٹے دجال کذاب تھے؟ بیشک ان لوگوں کے دعویٰ نبوت کرنے سے فرمان حضور انورﷺ کا سچا ہوا اور یہ لوگ مطابق احادیث صحیحہ کے کذاب ثابت ہوئے۔ افسوس صد ہزار افسوس! ایسی ایسی بین باتوں کو بھی نہیں دیکھتے ہو اور دکھلانے والے کو برے الفاظ کے ساتھ یاد کرتے ہو۔ ۱؎ مرزاقادیانی کے دعویٰ نبوت کا ثبوت ملاحظہ ہو: (۱)قادیان اس کے رسول کا تخت گاہ ہے۔ (۲)سچا خدا وہی ہے جس نے قادیان میں اپنا رسول بھیجا۔ (دافع البلائ) (۳)میں اس خدا کی قسم کھا کر کہتا ہوں جس کے ہاتھ میں میری جان ہے اور اس نے مجھے بھیجا ہے اور اسی نے میرا نام نبی رکھا ہے اور اسی نے مجھے مسیح موعود کے نام سے پکارا ہے اور اسی نے میری تصدیق کے لئے بڑے بڑے نشان ظاہر کئے ہیں جو تین لاکھ تک پہنچتے ہیں۔ (تتمہ حقیقت الوحی ص۶۰) (۴)ہم نے غلام احمد قادیانی کو اس کی قوم کی طرف بھیجا۔ لیکن قوم نے اس سے اعتراض کیا اور کہا کہ جھوٹا ہے۔ (اربعین ص۱۶،۱۷) (۵)خدا وہی خدا ہے جس نے اپنے رسول یعنی اس عاجز کو ہدایت اور دین حق اور تہذیب اخلاق کے ساتھ بھیجا۔ (اربعین ص۳تا۳۶) (۶)مجھے بتلایا گیا تھا کہ تیری خبر قرآن وحدیث میں موجود ہے اور تو ہی اس آیت کا مصداق ہے۔ ’’ھو الذی ارسل رسولہ بالہدیٰ ودین الحق لیظہرہ علی الدین کلہ‘‘(اﷲتعالیٰ تو رسول اﷲﷺ کو اس آیت کا مصداق بتلارہا ہے اور مرزاقادیانی اس آیت کو اپنے اوپر حصر کر رہا ہے۔ مرزاقادیانی نے لوگوں کو دھوکا دے کر اس آیت کا مصداق اپنے کو بتلا کر کس قدر صفائی کے ساتھ دعویٰ نبوت تشریعی ورسالت کیا ہے۔ ان کے ماننے والوں پر تعجب ہے کہ مرزاقادیانی کے اس فریب کو بھی نہیں دیکھتے ہیں اور مرزاقادیانی کو اس آیت کا مصداق سمجھ رہے ہیں) (اعجاز احمدی ص۷) (۷)مرزاقادیانی نے صاحب شریعت نبی ہونے کا بھی صاف طور سے دعویٰ کیا ہے۔ ملاحظہ ہو (اربعین نمبر۴ ص۶) میں لکھتے ہیں۔ (بقیہ حاشیہ اگلے صفحہ پر)