احتساب قادیانیت جلد نمبر 30 |
|
جواب ہرگز خلاف عقل نہیں۔ اصحاب کہف کا قصہ شاہد ہے۔ مرزائی دلیل نمبر:۳ مسیح علیہ السلام اگر زندہ ہوں اور آسمان پر ہوں تو آنحضرتﷺ سے ان کا افضل ہونا لازم آتا ہے۔ کیونکہ آپ کی وفات ہوگئی اور آپ زمین پر ہیں۔ جواب ہرگز یہ لازم نہیں آتا۔ آخرمسیح علیہ السلام کو بھی موت آئے گی۔ شریعت میںکوئی قانون ایسا نہیں ہے کہ زیادہ عمر والا کم عمر والے سے افضل کہا جائے۔ ورنہ ابلیس سب سے افضل ہوگا۔ ’’نعوذ باﷲ منہ‘‘ علیٰ ہذا آسمان پر ہونا بھی افضلیت کی دلیل نہیں۔ فرشتے آسمان پر ہیں۔ مگر باجماع اہل اسلام انبیاء علیہم السلام خصوصاً سید الانبیائﷺ ان سے افضل ہیں۔ مرزاقادیانی نے اس کے جواب میں ابلیس اور ملائکہ کے وجود شخصی سے انکار کردیا۔ مرزائی دلیل نمبر:۴ مسیح علیہ السلام کا آسمان پر زندہ جانا ممکن نہیں۔ درمیان میں آگ کا کرہ ہے۔ اس سے کیسے پار ہوسکتے ہیں۔ علاوہ ازیں سائنس سے ثابت ہے کہ فضائے ہوا میں زیادہ دور تک آدمی نہیںچڑھ سکتا۔ اگر چڑھے تو مر جائے۔ جواب جواب یہ ہے کہ یہ سب باتیںملحدانہ خرافات ہیں۔ آنحضرتﷺ شب معراج میں زندہ آسمانوں پر تشریف لے گئے تھے۔ مرزاقادیانی نے اس کے جواب میں معراج سے انکار کردیا اور کہہ دیا کہ وہ ایک قسم کا کشف تھا۔ نہ یہ کہ آپ کہیں تشریف لے گئے تھے۔ جیسا کہ ہم اوپر مرزاقادیانی کا قول نقل کر چکے ہیں۔ مرزائی دلیل نمبر:۵ مسیح علیہ السلام اگر قرب قیامت پھر دنیا میں آئیں تو ختم نبوت کے خلاف ہے۔ اس لئے کہ مسیح علیہ السلام بعد نازل ہونے کے نبی ہوںگے یا نہیں۔ اگر کہو کہ نہیں تو ان کی نبوت کیوں چھینی گئی؟ کیا قصور ان سے ہوا اور اگر کہو کہ ہاں! تو آنحضرتﷺ کے بعد نبی کیسے آیا؟