اعوذ باﷲ من الشیطن الرجیم۰ بسم اﷲ الرحمن الرحیم!
سوال… غلام احمد قادیانی نبی ہے یا نہیں؟
جواب… غلام احمد قادیانی نبی نہیں ہے۔
ثبوت… غلام احمد قادیانی صاحب معجزہ نہیں ہے اور ہر نبی صاحب معجزہ ہے۔
نتیجہ
غلام احمد قادیانی نبی نہیں ہے اور تمہارا جی چاہے تو اس طرح کہہ سکتے ہو کہ غلام احمد قادیانی، صاحب معجزہ نہیں ہے اور ہر وہ شخص جو صاحب معجزہ نہیں ہے، نبی نہیں ہے۔ لہٰذا غلام احمد قادیانی نبی نہیں ہے۔
یہ اتنی واضح اور روشن دلیل ہے کہ سارا عالم مل کر بھی ایک حرف اس کے خلاف نہیں کہہ سکتا۔ اس دلیل کی تفصیل یہ ہے۔ پہلے نبوۃ کے معنی سمجھ لینے چاہئیں۔ نبوۃ کے معنی یہ ہیں کہ اﷲتعالیٰ کسی بشر اور کسی انسان سے کلام کرے اور اﷲتعالیٰ کا کلام یا تو صرف معانی ہوتے ہیں جو وہ بشر کے دل پر نازل کر دیتا ہے اور بشر ان معانی کو اپنے الفاظ میں لوگوں سے بیان کرتا ہے۔ اس کلام کو وحی عام طور پر کہا جاتا ہے۔
دوسری قسم اﷲتعالیٰ کے کلام کرنے کی یہ ہوتی ہے کہ اﷲتعالیٰ کی آواز اور اﷲتعالیٰ کے الفاظ بشر سنتا ہے اور اﷲتعالیٰ بشر کو دکھائی نہیں دیتا۔ بشر یہ کلام سن کر لوگوں تک پہنچا دیتا ہے۔ اس کلام کو وحی ’’من وراء حجاب‘‘ کہا جاتا ہے۔ جس طرح حضرت موسیٰ علیہ السلام طور پر سنا کرتے تھے۔
تیسری قسم اﷲتعالیٰ کے کلام کرنے کی یہ ہوتی ہے کہ اﷲتعالیٰ ایک فرشتہ کو بھیجتا ہے اور وہ فرشتہ باذن الٰہی اﷲتعالیٰ کی مشیت کے مطابق اس بشر کے دل میں اﷲتعالیٰ کے کلام کو ڈال دیتا ہے اور نازل کر دیتا ہے۔
بس یہی تین طریقے اﷲتعالیٰ کے کلام کرنے کے ہیں۔ خواہ بیداری میں کلام کرے، خواہ سوتے میں کلام کرے، ہر صورت میں یہ اﷲ کا کلام ہوتا ہے اور اسی کلام کو مطلق وحی کہتے ہیں اور اسی وحی کو نبوۃ کہا جاتا ہے۔ یعنی نبی اور غیرنبی کا فرق صرف وحی ہے۔ جیسا کہ فرمایا: ’’قل انما انا بشر مثلکم یوحیٰ الیّ (کہف:۱۱۰)‘‘ {کہہ دے میں تمہارے ہی جیسا آدمی ہوں۔ فرق صرف یہ ہے کہ اﷲتعالیٰ کی طرف سے میری طرف وحی کی جاتی ہے۔}