بسم اﷲ الرحمن الرحیم!
الحمد ﷲ وحدہ والصلوٰۃ والسلام علیٰ من لا نبی بعدہ!
برادران ملت: اسلامیان پاکستان یہ امر اچھی طرح ذہن نشین کر لیں کہ مملکت خداداد پاکستان کی تعمیر وبقائ، وحدت واتحاد پر ہی موقوف ہے اور جو گروہ یا فرقہ اس کے خلاف قدم اٹھائے گا۔ وہ غدار ملک وملت اور دشمن اسلام ہے۔ خواہ مغربی امپیریل ازم کی ’’خود کاشتہ‘‘ نبوت ہی کیوں نہ ہو۔ بقول نقاش پاکستان حضرت اقبالؒ ؎
ہے زندہ فقط وحدت افکار سے ملت
وحدت ہو فنا جس سے وہ الہام بھی الحاد
تاریخ اسلام کی روشنی میں ہمارا خیال تھا کہ قیام پاکستان کے بعد وحدت واتحاد کے بدترین دشمن اور برساتی فتنے خود بخود دب جائیں گے یا کم ازکم نزاکت وقت کے ماتحت خاموش ہو جائیںگے۔ مگر آہ! کس قدر مقام افسوس ہے کہ آج جب کہ پاکستانی مسلمان، ملکی مصائب ومشکلات میں گھرا ہوا ہے اور اس کی تمام تر توجہات کا مرکز دفاع پاکستان کی طرف منعطف اور مبذول ہے۔ قادیانی فرقہ بدستور اپنی مخصوص سرگرمیوں میں مصروف ہے اور امت محمدیہ کو اسلام مقدس کی تعلیم صحیحہ اور عقائد حقہ سے ہٹا کر نبوت جدیدہ کی دعوت دینے میں مبتلا ہے۔ دراصل قادیانی فرقہ کو بعض عارضی وجوہات کی بناء پر سخت غلط فہمی ہوگئی کہ اب مذہبی ڈاکہ زنی کے لئے ہمارے لئے میدان بالکل خالی ہے۔ لہٰذا خانہ ساز نبوت کی نشرواشاعت خوب دل کھول کر کریں۔ حالانکہ حقیقت یہ ہے کہ ہماری چشم پوشی یا خاموشی محض نوپیدا شدہ حالات کے ماتحت تھی۔ ورنہ ہم اس ’’مقدس فرقہ‘‘ کی ان صداقت سوز حرکات سے غافل نہیں ہیں۔
مرزامحمود احمد امام جماعت مرزائیہ کا تازہ مضمون بعنوان ’’احمدیت کا پیغام‘‘
حضرات! ہر چند ہم نے صبر وتحمل سے کام لیا اور خاموش رہے۔ مگر قادیانی فرقہ کی موجودہ تیز تر ایمان سوز نقل وحرکت بالخصوص خلیفہ محمود احمد قادیانی کے تازہ شائع شدہ مضمون نے ہمیں مدافعانہ قدم اٹھانے پر مجبور کر دیا۔ اگرچہ ہم اس جواب دینے میں بھی موجودہ حالات کی روشنی میں ایک گونہ قلبی تکلیف محسوس کر رہے ہیں۔ مگر یہ امر کہ باطل کھلے بندوں اپنے ضلالت آمیز خیالات وعقائد کی نشرواشاعت کرے اور حق ساکت وخاموش رہے۔ ہمارے لئے ناقابل برداشت ہے۔