کر بلبل وطاؤس کی تقلید سے توبہ
بلبل فقط آواز ہے طاؤس فقط رنگ
لہٰذا میں ’’عقائد مرزائیت‘‘ کے باب میں جس قدر حوالہ جات پیش کروںگا۔ وہ تمام تر مرزائی امت کے مسلمات میں سے ہوںگے۔ میں تعلیم اسلام کی رو سے کسی مذہب وفرقہ کی طرف بے ثبوت، غلط، بے بنیاد، بے اصل، بے حقیقت بات منسوب کرنا نہ صرف گناہ بلکہ گناہ عظیم سمجھتا ہوں۔ غلط بیانی، اختراع، افترائ، تصنع، تاویل باطل، مغالطہ بازی، فریب دہی۔ یہ مرزائی امت کا حصہ ہے۔ چونکہ مذہب اسلام کی پاکیزہ بنیاد مذہب مرزائیہ کی طرح خانہ ساز استدلال اور رکیک تاویلات پر نہیں ہے۔ بلکہ قرآن وحدیث کی مقدس روشنی میں ایمانی حقائق اور آسمانی دلائل وبراہین پر ہے۔ خداوند عالم نے مجھ گمراہ شدہ مسکین کو اسی دولت اسلام اور نور ہدایت سے معمور ومنور فرمایا ہے۔ الحمد ﷲ علیٰ احسانہ!
مرزائی امت کا جدید دین ومذہب
ہم پیرویٔ قیس نہ فرہاد کریں گے
کچھ طرز جنوں اور ہی ایجاد کریں گے
مرزاقادیانی مسلمانوں کے خلاف حکومت برطانیہ کی بارگاہ میں اپنے جدید مذہب وفرقہ کا تعارف کرتے ہوئے ایک بیان دیتے ہیں اور فرماتے ہیں کہ: ۱۵… ’’ایک نیا فرقہ جس کا پیشوا امام اور پیر یہ راقم ہے۔ پنجاب ہندوستان کے اکثر شہروں میں پھیلتا جاتا ہے… میں نے قرین مصلحت سمجھا کہ اس فرقہ جدیدہ اور نیز اپنے تمام حالات سے جو اس فرقہ کا پیشوا ہوں۔ حضور لفٹنٹ گورنر بہادر دام اقبالہ کو آگاہ کروں اور یہ ضرورت اس لئے بھی پیش آئی کہ ہر ایک فرقہ جو ایک نئی صورت سے پیدا ہوتا ہے۔ گورنمنٹ کو حاجت پڑتی ہے کہ اس کے اندرونی حالات دریافت کرے اور بسا اوقات ایسے نئے فرقے کے دشمن جن کی عداوت اور مخالفت ایک نئے فرقے کے لئے ضروری ہے۔ گورنمنٹ میں خلاف واقعہ خبریں پہنچاتے ہیں… گورنمنٹ تحقیق کرے کہ کیا یہ سچ نہیں کہ ہزاروں مسلمانوں نے جو مجھے اور میری جماعت کو کافر قرار دیا… میں دعوے سے گورنمنٹ کی خدمت میں اعلان دیتا ہوں کہ باعتبار مذہبی اصول کے مسلمانوں کے تمام فرقوں میں سے گورنمنٹ کا اوّل درجے کا وفادار اور جان نثار یہی فرقہ ہے۔ جس کے اصولوں میں سے کوئی اصول گورنمنٹ کے لئے خطرناک نہیں۔ میں