نبی کی پہچان
نبی اس شخص کو کہا جاتا ہے جس کو خداوند عالم کی طرف سے وحی ہوتی ہو اور وہ اﷲ کے احکام کی تبلیغ کرتا ہو۔ لیکن اس کے لئے صاحب شریعت جدیدہ یا صاحب کتاب ہونا ضروری نہیں وہ اپنے پیشرو رسول پر نازل ہونے والی کتاب اور شریعت کا ہی مبلغ ہوتا ہے۔ ہر نبی کے لئے رسولؐ ہونا ضروری نہیں۔
رسول کی پہچان
رسول اس شخص کو کہا جاتا ہے جس کو خداوند قدوس کی طرف سے شریعت دی گئی ہو یا کتاب یا صحیفہ ہر رسول، رسول بھی ہوتا ہے اور نبی بھی۔
تمام انبیاء ورسل کے ادیان کی حقیقت ایک ہی ہے جو ’’مقتضیات‘‘ زمانہ کے مطابق ہوتی رہی۔ ارشاد ربانی ہے۔ ’’شرع لکم من الدین ماوصی بہ نوحا والذی اوحینا الیک وما وصینا بہ ابراہیم وموسیٰ وعیسیٰ ان اقیمو الدین ولا تتفرقوا فیہ (شوریٰ:۱۳)‘‘
اﷲ نے تمہارے لئے دین ہی کی راہ متعین کی ہے۔ جس کا نوح علیہ السلام کو حکم دیا تھا اور جو ہم نے تیری طرف (اے محمد رسول اﷲﷺ) وحی کی، اور جس کا ہم نے ابراہیم علیہ السلام اور موسیٰ علیہ السلام اور عیسیٰ علیہ السلام کو حکم دیا تھا کہ دین کو قائم رکھو اور اس میں تفرقہ نہ ڈالو۔
حضرت محمد رسول اﷲﷺ نے اسی وجہ سے ہر نبی اور رسول کی تصدیق کی بلکہ اسلام میں داخل ہونے اور مسلمان بننے کے لئے تمام انبیاء ورسل پر ایمان لانا ضروری قرار دیا، اور جیسا کہ اس مقالہ کی ابتداء میں میں یہ عرض کر چکا ہوں کہ امت کا اس بات پر اجماع ہے کہ جو شخص کسی نبی یا رسول کی تحقیر کرے گا یا ان کا نام بغرض توہین تصغیر کے انداز میں لے گا وہ دائرہ اسلام سے خارج ہو جائے گا۔
تمام انبیاء ورسل کی تصدیق حضرت محمدﷺ کی شان خصوصی ہے
اﷲ رب العالمین نے حضرت محمد رسول اﷲﷺ کی وحی کو تمام انبیاء ورسل کی نبوتوں کی تصدیق کرنے والا بیان فرمایا ہے۔ ’’والذی اوحینا الیک من الکتاب ھو الحق مصدقا لما بین یدیہ (فاطر:۳۱)‘‘ جو کتاب ہم نے تیری طرف وحی کی ہے وہ برحق ہے اور اپنے سے پہلی نبوتوں کی تصدیق کرنے والی ہے۔