حکایات خلیل حصہ اول - یونیکوڈ - غیر موافق للمطبوع |
|
5 مکتوب گرامی حضرت شیخ الحدیث مولانا محمد زکریاصاحب کاندھلوی دامت برکاتہم ومتعنا اﷲفیوضہم عزیزم الحاج مولوی محمد ثانی سلمہٗ! بعد سلام مسنون! تمہاری تالیف’’حیات خلیل‘‘ کا مسودہ مدینہ پاک میں پہنچ کر موجب مسرت ہوا تھا، میں اس کو سن سن کر وہاںسے ہی واپس کرتارہا۔ اللہ تعالیٰ تمہاری اس محنت کو قبول فرماکر دارین کی ترقیات کا ذریعہ بنائے۔ ماشاء اللہ تم نے بڑی محنت وکاوش سے حالات تحقیق کے بعد جمع کردیئے ، بالخصوص تصانیف کے متعلق تم نے جو مواد جمع کردیا وہ بہت اچھا ہوگیا کہ یہ چیز عام ذہنوں سے نکل گئی تھی۔ اس ناکارہ کے متعلق جو کچھ لکھا گیا ، وہ اگر نہ لکھتے تو زیادہ اچھا ہوتا، کتاب کے بقیہ مضامین بھی ماشاء اللہ بہتر طریقہ پر لکھ دئیے گئے، مجھے تقریظ وغیرہ لکھنی نہیں آتی جیساکہ تم کو بھی معلوم ہے ، لیکن تمہارے لئے اور تمہاری کتاب کی قبولیت کے لئے بے اختیار دل سے دعا نکلی۔ اللہ تعالیٰ تمہاری اس کتاب کو اور دیگر کتب کو قبول فرمائے، زیادہ سے زیادہ لوگوں کو انتفاع میسر فرمائے، بجز دعا کے اور کیا لکھوں۔ فقط۔ محمد زکریا کاندھلوی