حکایات خلیل حصہ اول - یونیکوڈ - غیر موافق للمطبوع |
|
درحقیقت حضرت مولانا کے حافظ ہونے کا سبب حافظ رحیم بخش تھے جن کے جوش دلانے نے ان حضرات کو اس نعمت عظمیٰ کی دولت سے سرفراز کیا، مبارک ہے وہ دل کی خلش جو ایسے مبارک کام پر اکسائے اور حفظ قرآن کی گراں مایہ دولت سے مالامال کرے۔نکاح : ۱۲۸۹ھ میں جب کہ آپ کی عمر اکیس سال کی تھی اور آپ تعلیم سے فارغ ہوکے ملازم ہوچکے تھے، آپ کانکاح شاہ حسن عسکری صاحب کی نواسی انبیابیگم سے ہوا جو شاہ عبدالرحمن صاحب کی صاحبزادی تھیں، حضرت مولانا رشید احمد صاحب گنگوہی نے ڈھائی ہزار روپے مہر پر نکاح پڑھایا۔آپ کے صاحبزادے محمد ابراہیم : ۱۲۹۰ھ میں آپ کے ایک صاحبزادے ہوئے جن کانام محمد ابراہیم رکھا گیا، اور ناظر الحق تاریخی نام قرار پایا، ڈھائی سال بعد ۱۲۹۳ھ میں ایک صاحبزادی ہوئیں جن کانام منیرالنساء رکھا گیا۔صاحبزادے محمد ابراہیم کی تعلیم وتربیت کاآپ نے بڑا اہتمام فرمایا اور ان کو قرآن حفظ کرایا۔