حکایات خلیل حصہ اول - یونیکوڈ - غیر موافق للمطبوع |
میں وفات پاگئی ،دوسری دو صاحبزادیاں بھی حضرت مولانا کی زندگی ہی میں وفات پاگئیں۔ لیکن اﷲ تعالیٰ نے آپ کو جسمانی اولاد کے بجائے روحانی اولاد بخشی ،اگرچہ آپ کی جسمانی اولاد میں سوائے ایک نواسی کی نسل کے کوئی زندہ نہ رہا اور اولاد ولد اور صاحب اولاد ہوکر مع اپنی اولاد کے سب یکے بعد دیگرے انتقال کرگئے ،لیکن روحانی اولاد جس میں تلامذہ اور خلفاء رہیں ،کثرت سے اپنی فیوض سے دوسروں کو فائدہ پہچاتے رہے ہیں اور حضرت مولانا کے نام و کام کو حیات جاویددے رہے ہیں۔مولانا عاشق الٰہی صاحب میرٹھی لکھتے ہیں: ’’اس صلہ میں آپ کی نسبی اولاد دنیا سے اٹھی حق تعالیٰ نے آپ کی روحانی اولاد کو بیش از بیش بنادیا ،آپ کا روحانی ،علمی وعملی فیضان اور شریعت و طریقت کے مستفیدین تلامذہ و مریدین ہزار ہا کی تعداد میں شرقاً و غرباً پھیلے،جو آپ کے مبارک نام اور آپ کی پاکیزہ مرشدانہ سوانح کو قیامت تک یاد رکھیں گے۔ رہتا سخن سے نام قیامت تلک ہے ذوق اولاد سے تو یہ ہی کہ دوپشت چار پشت حضرت مولانا کی اہلیہ محترمہ جو آپ کی وفات کے وقت آپ ہی کے ہمراہ تھیں زیادہ دنوں تک بقید حیات نہ رہ سکیں اور ۲۰ِذی الحجہ ۱۳۴۷ھ کو آپ کے انتقال کے ڈیڑھ سال کے بعد مدینہ منورہ ہی میں انتقال کیا اور آپ ہی کے پہلو میں سپرد خاک ہوئیں۔اناﷲ ونا الیہ راجعون۔ باقیات صالحات: حضرت مولانا کے انتقال کے بعد آپ کی یادگار میں تین کارنامے ایسے ہیں جو آپ کے باقیات صالحات میں شمار کئے جاتے ہیں۔ (۱)وہ عظیم مدرسہ جس کا نام مظاہر علوم ہے جس کی آپ نے زندگی بھر آبیاری کی اور اپنی ساری علمی تعمیری اور فکری صلاحیتیں اس پر خرچ کردیں ،اس کو آپ کے انتقال کے بعد بڑے اہل فضل و کمال اور ذی صلاحیت سرپرستوں کی سرپرستی اور کامل الاستعداد مدرسوں کی خدمات حاصل ہوئیں۔ (۲)آپ کے خلفاء، تلامذہ اور منتسبین جن کی تعداد بہت زیادہ ہے اور جن کی علمی اور روحانی خدمات سے بالواسطہ اور بلا واسطہ ایک عالم مستفید ہورہا ہے ،خلفاء کے حالات اس کتاب کے آخر میں آپ پڑھیں گے۔ (۳)آپ کی تصنیفات جو مختلف موضوعات پر اور مختلف زبانوں میں شائع ہوئیں جن میں سب سے بلند اور مفید تصنیف’’بذل المجہود‘‘ہے جس کا ذکر آپ پڑھ چکے ہیں آپ کی تصنیفات کا تعارف بھی آئندہ صفحات میں انشاء اﷲ آپ ملاحظہ فرمائیں گے یہی وہ باقیات صالحات ہیں جن سے مدت دراز تک آپ کا نام اور کام روشن ہوتا رہے گا۔واقعات زندگی ایک نظر میں