حکایات خلیل حصہ اول - یونیکوڈ - غیر موافق للمطبوع |
|
تیسرا باب ولادت سے تکمیل علوم تک از 1269ھ تا 1288ھ ( 19سال) حضرت مولانا خلیل احمد صاحب شاہ مجید علی صاحب انصاری ایوبی انبہٹوی کے صاحبزادے تھے، اواخر صفر ۱۲۶۹ھ مطابق اوائل دسمبر ۱۸۵۲ء میں انقلاب ۱۸۵۷ء سے پانچ سال پہلے اپنے نانھیال قصبہ نانوتہ ضلع سہارنپور میں پیدا ہوئے، آپ کی والدہ ماجدہ مبارک النساء بی بی اس زمانے میں جب کہ ان کے شوہر شاہ مجید علی اپنے وطن میں موجود نہ تھے، اپنے والد ماجد حضرت مولانا مملوک علی صاحب کے مکان پر قیام پذیر تھیں۔ حضرت مولانا اپنی والدہ محترمہ کے بطن سے تو ام پیدا ہوئے، آپ کے پیدا ہونے سے تھوڑی ہی دیر پہلے آپ کے ایک بھائی تولد ہوئے تھے جو بہت صحتمند اور خوبصورت تھے اور فطری طور پر گھر والوںکی نگاہیں ان پر جمی ہوئی تھیں آپ پیدا ہوئے تو بہت کمزور، لاغر اور کم رو تھے اس لئے گھر والوں کی توجہ آپ کی طرف مبذول نہیں ہوئی اور تھوڑی دیر پہلے پیدا ہونے والے بھائی کی دیکھ بھال اور نگہداشت کرتے رہے آپ کی طرف سے گھر کے لوگوں نے جو تغافل برتا اس کے متعلق مولانا عاشق الٰہی صاحب میرٹھی تحریر کرتے ہیں: ’’آپ کی دایہ نے غسل بھی نہیں دیا اور ململ کے ایک سفید کپڑے میں لپیٹ کر علیحدہ کھٹولے پر ڈال دیا مگر قدرت کو منظور تھا اس بچہ پر کہ جس کی طرف ماں کی نگاہ توجہ بھی نہیں اٹھتی ہے کسی وقت دنیا کی نظریں پڑیں اور نورانی چہرہ تماشا گاہ عالم بنے، اس لئے تنو مند