حکایات خلیل حصہ اول - یونیکوڈ - غیر موافق للمطبوع |
|
صدر مدرس سے افسر مدارس دینیات : ریاست کے حالات یکساں نہیں رہتے، حاکم ریاست کی خوشی ناخوشی پر تبدیلیاں آتی رہتی ہیں، یہاں بھی ایسا ہی ہوا کچھ دنوں کے بعد کسی وجہ سے مولوی شمس الدین صاحب کو برخاست کردیا گیا اور وہ پریشانی میں مبتلا ہوگئے، انہوں نے بھی حضرت مولانا کو بجائے تیس روپے دینے کے دس روپیہ دینا شروع کیا، تنخواہ کی اتنی کمی پر حضرت مولانا کا ریاست میں ٹھہر نا مشکل ہوگیا۔ لیکن حسن اتفاق سے نواب صاحب نے اپنی والدہ کے انتقال کے بعد صدقۂ جاریہ کے طور پر بہت سے مدارس کھولے جو مختلف مقامات پر تھے جو مدرسہ خاص ریاست بھاولپور میں کھولا وہ مولوی شمس الدین کے مکان ہی پر کھولا، اس مدرسہ میں آپ کو مدرس رکھا گیا اور اولا دس روپیہ اور بعد میں اضافہ کرکے بیس روپے دئیے جانے لگے، اس طور پر آپ کے تیس روپے ہی مشاہرہ میں رہے، اور آپ دلجمعی کے ساتھ اس مدرسہ میں درس وتدریس کے فرائض انجام دینے لگے اور ایسا رجوع عام ہوا کہ شاید باید دور دراز علاقوں سے طلباء آتے اور حدیث وفقہ، منطق وکلام اور تفسیر کے علوم پڑھتے، آپ جس شفقت ومحبت کے ساتھ طلباء کی تعلیم میں مصروف ہوتے تھے، اس کا طلباء پر یہ اثر پڑتا تھا کہ وہ آپ کے فدائی بن گئے تھے، آپ کا زیادہ تر وقت درس حدیث میں صرف ہوتاتھا ، جس مدرسہ میں آپ تعلیم دے رہے تھے اس کا تعلق ریاست کے سرشتۂ تعلیم سے تھا اور آپ کا عہدہ صدر مدرس دینیات تھا، ایک عرصہ کے بعد آپ کو ترقی دی گئی اور آپ پچاس روپے ماہوار پر افسر مدارس دینیات مقرر کئے گئے جو آخرتک رہے۔اہلیہ محترمہ کاانتقال : آپ بھاولپور میں چھ ہی مہینے رہ پائے تھے اور سکون واطمینان کے ساتھ درس دے رہے تھے ، طلباء کا رجوع عام تھا اور آپ کی وجہ سے عوام وخواص کو بہت فائدہ پہنچ رہا تھا کہ آپ کی اہلیہ محترمہ انبیاء بیگم صاحبہ کا ۵ذی قعدہ ۱۲۹۵ھ کو انتقال ہوگیا اور آپ کو اپنے وطن جانا پڑا، آپ پر اہلیہ صاحبہ کے انتقال کا بہت زیادہ اثر پڑا ذہن اور دماغ کچھ عرصہ کے لئے پریشان ہوگیا اور ایک مدت تک مغموم ومخزون رہے، آپ شاعر نہ تھے نہ کبھی کوئی شعر موزوں کیا نہ اس سے کبھی دلچسپی لی، لیکن بیوی کے انتقال کا ایسا اثرپڑا کہ بیساختہ آپ کی زبان سے دو شعر موزوں ہوگئے جس کے آخری مصرعہ کے داغ برجان دل جملے سے تاریخ وفات بھی نکلتی ہے۔ وہ شعر یہ ہیں: اجل کردہ جانانہ را منفصل شدم از وفور الم مضمحل خلیل از غمش گشت غمگین وگفت