احتساب قادیانیت جلد نمبر 53 |
|
کیا مرزا قادیانی مسیح اور ظلی نبی تھے؟ اب میں دوسرے نتیجہ سے بحث کرتا ہوں جو میرے فاضل دوست کی تحریر سے نکلتا ہے۔ وہ یہ ہے کہ مرزا قادیانی حضرت عیسیٰ علیہ السلام نہیں بلکہ مسیح محمدی ہیں۔ اس لئے وہ ظلی نبی یا شریعت محمدی کے متبع نبی ہیں۔ جن کا ذکر حدیث میں بہ لفظ نبی ہوا ہے۔ خدا وند کریم نے مریم علیہا السلام کے بیٹے حضرت عیسیٰ علیہ السلام کی نسبت مسیح کا لفظ استعمال فرمایا ہے ’’ھوالمسیح ابن مریم‘‘ {وہ مسیح بیٹا مریم کا۔} اسی طرح قرآن شریف میں اور دوسرے مقامات پر حضرت عیسیٰ علیہ السلام کی نسبت مسیح فرمایا۔لیکن کس قدر افسوس کی بات ہے کہ خدا کے فرمان کے خلاف مرزا قادیانی نے مسیح بننے کی کوشش کی اور اعتراضات سے بچنے کے لئے لامہدی الا عیسیٰ سے مدد لے کر مہدی اور عیسیٰ کو ایک شخص قرار دینا چاہا اور لفظ مسیح کے ساتھ ایک لفظ محمدی زیادہ کر کے مسیح محمدی کہلانے کی کوشش فرمائی۔ اس امر کا کچھ خیال نہ فرمایا گیا کہ اﷲ تعالیٰ نے مسیح کا خطاب خاص حضرت عیسیٰ علیہ السلام کو دیا ہے تو میں کیونکر مسیح یا مثیل مسیح ہو سکتا ہوں۔ لفظ مثیل بھی اعتراضات سے بچنے کے لئے بطور ڈھال کے استعمال کیاگیا اورصرف مثیل مسیح ہی کہہ کر ساکت ہو جاتے۔ لیکن جب دیکھا کہ اس لفظ پر بھی اعتراضات ہوں گے تو ایک لفظ محمدی اور بڑھا دیا گیا۔ اگر فی الحقیقت وہ مسیح تھے جن کا نام اﷲ نے ’’اسمہ المسیح عیسیٰ ابن مریم‘‘ رکھا اور حدیث کے الفاظ نبی اﷲ کے مدلوں خود وہ اپنے آپ کو قرار دیتے ہیں تو خاصے عیسیٰ مسیح ٹھہرتے ہیں۔ پھر لفظ مثیل کی ضرورت کیا تھی اور جب لفظ مثیل استعمال کیا گیا تو نبی اﷲ نہیں قرار پا سکتے۔ کیونکہ مثیل کبھی اصل نہیں ہو سکتا۔ اگر اصل مسیح بننے کی کوشش کرتے تو بیشک حدیث میں جو ۴ جگہ لفظ نبی اﷲ استعمال ہوا ہے، اس سے مدد لے سکتے جب اصلی مسیح نہیں بلکہ مثیل مسیح ہیں تو مثل کبھی اصل نہیں ہو سکتی۔ جیسے کہ نقل کبھی اصل نہیں ہوسکتی، پھر مثیل کیونکر نبی ہو سکتا ہے؟ ہماری سمجھ میں نہیں آتا کہ کبھی تو حدیث سے مدد لے کر اصل مسیح بننے کی کوشش کی گئی اور کبھی مثیل مسیح بننے کی فکر کی گئی اور اس بھی بڑھ کر لطف کی بات یہ کہی گئی کہ ’’مسیح محمدیؐ۔‘‘ تو مرزا قادیانی کے متزلزل بیانات سے کوئی ایک بات بھی صحیح طور سے ان سے متعلق نہیں کی جا سکتی۔ کبھی تو یہ فرمایا جاتا ہے کہ عیسیٰ علیہ السلام اسی دنیا میں مر گئے اور آسمان پر اٹھا لئے گئے اورکبھی اس حدیث کو جس میں حضرت عیسیٰ علیہ السلام کے دوبارہ دنیا میں نازل ہونے کا ذکر ہے۔ جس میں نبی اﷲ چار جگہ استعمال ہوا ہے۔ اپنے آپ سے منسوب کر کے نبی بننا چاہتے ہیں۔