احتساب قادیانیت جلد نمبر 53 |
|
اہل بیتی میں داخل ہو سکتے ہیں تو پھر خوامخواہ مہدی بن بیٹھنا کیا معنی۔ میرے دوست کا یہ بیان کہ بعض حدیثوں میں جوصحاح کی ہم پایہ ہیں۔ من امتی لکھا گیا ہے۔ بالکل درست نہیں ہے۔ میں دعویٰ سے کہتاہوں کہ صحاح کی کسی حدیث میں یہ لفظ نہیں ہے نہ معلوم کس طرح میرے دوست نے ایسا لکھ دیا کہ جس کاحوالہ تک نہیں دیاگیا۔ کیامہدی اورمسیح ایک ہیں میرے فاضل دوست کا یہ ادّعا کہ مہدی موعود اور مسیح موعود ایک ہیں۔ اس لئے مرزا قادیانی مسیح موعود بھی تھے۔ ابن ماجہ کی ایک حدیث پر مبنی معلوم ہوتا ہے یعنی ’’لامہدی الاعیسیٰ ابن مریم‘‘ اس سے نتیجہ یہ نکالتے ہیں کہ مہدی اور عیسیٰ جدا جدا نہیںہیں اور اس کے متعلق یہ مثالیں دی ہیں کہ بلحاظ صفات کے ایک شخص کے مختلف نام ہو سکتے ہیں۔ جیسے شجاعت کے اعتبار سے رستم دور ان اور سخاوت کے اعتبار سے حاتم زماں ایک ہی شخص کی نسبت کہا جا سکتا ہے۔ پہلے تو یہ کہ ابن ماجہ نے حدیث ابی امامہؓ میں اس کی تصریح کر دی ہے۔ اس کے دیکھنے سے معلوم ہوتا ہے کہ مہدی موعود اور مسیح موعودجدا ہیں۔ مہدی اور ہیں اورمسیح اور۔ دوسرے علامہ زرقانی نے ’’لامہدی الاعیسیٰ‘‘ کی تردید کی ہے۔ اگر ہم فرض کر لیں کہ کوئی اختلاف اس حدیث سے نہیں ہے تو ہم دریافت کرتے ہیں کہ ہمارے عالم دوست کے استدلال کے بموجب تو یہ معلوم ہوتا ہے کہ مہدی کوئی علیحدہ نہیں ہیں۔ عیسیٰ ہی مہدی ہیں تو وہ کون سا عیسیٰ آیا۔ وہ عیسیٰ جو لفظ عیسیٰ کے نام سے قرآن مجید میں بارہا نام لیا گیا ہے۔ یعنی حضرت عیسیٰ ابن مریم یا اور کوئی عیسیٰ؟ ہمارے دوست اس سے تو انکار نہیں کریں گے کہ عیسیٰ کے لفظ سے قرآن شریف میں اور امتیاں حضرت محمدﷺ میں تیرہ سو سال سے عیسیٰ ابن مریم مراد لئے گئے ہیں۔ اگرمہدی اور عیسیٰ ایک ہی شخص ہے تو حضرت عیسیٰ علیہ السلام ہی مہدی ہیں تو مہدی کوئی جدا شخص نہ ہوں گے۔ لیکن بحث کا یہ کون سا طریقہ ہے کہ ہمارے فاضل دوست اپنے مطلب کی حد تک نتیجہ نکالنے میں کہ مہدی اور عیسیٰ جدا نہیں۔ ابن ماجہ کی حدیث استدلال میں پیش فرماتے ہیں اور یہ مطلب اس غرض سے نکالا جاتا ہے کہ مرزا قادیانی ہی دونوں لقب مہدی اور عیسیٰ سے منسوب ہو سکیں۔ مگر اس امر میں اختلاف کرتے ہیں کہ حضرت عیسیٰ علیہ السلام زمین پر پھر آئیں گے۔ اس لئے کہ حضرت عیسیٰ علیہ السلام کے زمین پر پھر آنے کا مسئلہ صحیح مان لیں تو مرزا قادیانی مسیح موعود ہونے کا دعویٰ نہیں کر سکتے تھے۔ کیونکہ مرزا قادیانی آسمان سے نہیں آئے اور نہ وہ عیسیٰ ابن مریم ہیں۔