احتساب قادیانیت جلد نمبر 53 |
|
M! عرض مرتب الحمدﷲ وکفٰی وسلام علیٰ عبادہ الذین اصطفٰے۰ امابعد! قارئین کرام! لیجئے!! اﷲ رب العزت کے فضل وکرم سے احتساب قادیانیت کی جلد ترپن(۵۳) پیش خدمت ہے۔ اس جلد میں ذیل کی کتب ورسالہ جات شامل ہیں: ۱… ختم نبوت: یہ رسالہ حضرت مولانا محمد اعظمؒ گوندلوی شیخ الحدیث جامعہ اسلامیہ گوجرانوالہ کا مرتب کردہ ہے۔ اس میں ختم نبوت کے دلائل قرآن وسنت سے بیان کئے گئے ہیں۔ آخر میں عقیدہ ختم نبوت کے بارہ میں مرزاقادیانی کے مؤقف کا ابطال کیاگیا ہے۔ یہ رسالہ سب سے پہلے فروری ۱۹۵۵ء میں شائع ہوا۔ اب اٹھاون سال بعد دوبارہ احتساب کی اس جلد میں محفوظ کیاجارہا ہے۔ ۲… القول الصبیح فی حیات المسیح: شیخ الحدیث مولانا عبدالستار دہلویؒ کا یہ رسالہ مرتب کردہ ہے۔ مکتبہ ایوبیہ کراچی نے اسے ۱۳۸۴ھ میں شائع کیا۔ اب ۱۴۳۴ھ میں گویا نصف صدی بعد اس جلد میں محفوظ کیا جارہا ہے۔ ’’حیات مسیح علیہ السلام‘‘ کے عنوان پر لائق تحسین مواد اس میں شامل ہے۔ ۳… مرزائے قادیانی کی بدزبانی: یہ رسالہ حضرت مولانا سید مبارک علی شاہ ہمدانیؒ کا مرتب کردہ ہے۔ مولانا سید مبارک علی شاہ ہمدانیؒ، حضرت پیر سید مہر علی شاہ گولڑویؒ کے ہمعصر تھے۔ سادات ہمدانیہ جو قصور وخیرپور ٹامیوالی میں آباد ہیں سید مبارک علی شاہ صاحبؒ ان کے جدّاعلیٰ تھے۔ ۴… مرزائیوں سے چند سوالات: یہ رسالہ بھی حضرت مولانا سید مبارک علی ہمدانی قصوریؒ کا مرتب کردہ ہے۔ ۵… مسلمانان عالم مرزائیوں کی نظر میں: یہ رسالہ بھی حضرت مولانا سید مبارک علی ہمدانی قصوریؒ کا مرتب کردہ ہے۔