احتساب قادیانیت جلد نمبر 53 |
|
M ’’الحمدﷲ وحدہ والصلوٰۃ والسلام علی من لانبی بعدہ‘‘ برادران اسلام!مرزائے قادیانی اور اس کی جماعت کی نسبت ہمارے بعض مسلمانوں کا ظن بڑا اچھا واقع ہوا ہے۔ ان کا خیال ہے کہ یہ لوگ اسلام اور مسلمانوں کے بڑے مخلص دوست ہیں۔ اس میں کچھ شک نہیں کہ ان کے بعض اعمال مثلاً آریوں عیسائیوں سے مناظرے اور بعض اسلامی تحریکات میں شمولیت سے بھی یہی ظاہر ہوتا ہے کہ یہ لوگ اسلام اورمسلمانوں کے دوست ہیں۔ لیکن یاد رکھنا چاہئے کہ اس نوعیت کے جو اعمال ان سے سرزد ہوتے ہیں وہ یقینا ان کے اپنے اغراض و مصالح پر مبنی ہوا کرتے ہیں۔ ہمارے ناواقف مسلمان ان کی اسلامی تحریکات میں شمولیت سے یہ سمجھ لیتے ہیں کہ ان کے اعمال ان کے ایمان واعتقاد کا نتیجہ ہیں۔ لیکن ع برعکس نہند نام زنگی کافور، ہمارے بھولے بھالے مسلمانوں کوشاید علم نہیں کہ کھانے کے دانت اور ہوتے ہیں اور دکھانے کے اور۔ میں ایسے دینی بھائیوں کی آگاہی کے لئے جنہیں قادیانیوں کے خبث باطنی کا علم نہیں، متنبی قادیاں کے پہلے اور دوسرے گدی نشینوں کے وہ فتاویٰ نقل کرتا ہوں جس سے مسلمانان عالم کی نسبت جو کچھ ان کا اعتقاد ہے، ظاہر ہو جائے گا۔ امید ہے کہ ان چند حوالجات کا مطالعہ کرنے کے بعد ہر ایک غیرت مند مسلمان ایسے خیال باطل سے تائب ہوگا۔ ’’ان بعض الظن اثم‘‘ یقینا بعض گمان گناہ ہیں۔ اور ان کے تمام اعمال کو مکروریا، دجل و فریب پر محمول کرتے ہوئے ان کے دھوکے اورفریب میں نہیں آئے گا۔ تمام مسلمان کافر ہیں قادیانیوں کا ایمان و اعتقاد ہے کہ دنیا کے تمام مسلمان خواہ عرب میں رہتے ہوں یا شام میں، افریقہ ان کا مسکن ہو یا امریکہ، ایرانی ہوں یا ہندوستانی، وہ کافر ہیں اور دائرہ اسلام سے خارج اور پھر لطف یہ ہے کہ وہ مرزا قادیانی کو جانتے بھی ہوں یا نہ ہوں، بہرحال کافر ہیں۔