بسم اﷲ الرحمن الرحیم!
برادران اسلام! السلام علیکم ورحمتہ اﷲ وبرکاتہ‘
قرآن وحدیث کی روشنی میں تمام مسلمانوں کا متفقہ عقیدہ ہے کہ حضرت عیسیٰ علیہ السلام اس وقت خدا کے حکم سے زندہ آسمانوں میں موجود ہیں اور وہ قیامت کے قریب نازل ہوں گے۔ امام مہدی علیہ الرضوان حضرت فاطمہؓ کی اولاد میں سے اسی امت میں پیدا ہوں گے۔ حضرت عیسیٰ علیہ السلام کے نزول کے بعد تمام عیسائی مسلمان ہوجائیں گے۔ یہودیوں کی اس وقت ایک بڑی قوت ہوگی۔ ان کا سرغنہ دجال ہوگا۔ مسلمان اس وقت حضرت مہدی علیہ الرضوان اور حضرت عیسیٰ علیہ السلام کی قیادت میں یہودیوں سے جنگ کریں گے۔ یہاں تک کہ یہودی اور ان کا سرغنہ دجال مارے جائیں گے۔ کفر مٹ جائے گا۔ پوری دنیا میں ایک مذہب اسلام ہوگا۔ حضرت عیسیٰ علیہ السلام نہایت عدل وانصاف کے ساتھ پوری دنیا پر حکومت فرمائیں گے۔ آسمان سے تشریف آوری کے بعد شادی بھی فرمائیں گے اور ان کی اولاد بھی ہوگی۔ انتقال فرمانے کے بعد حضور اقدسﷺ کے روضہ اقدس میں آپﷺکے پہلو میں دفن ہوں گے۔
جبکہ ان قادیانیوں کا یہ عقیدہ ہے کہ (نعوذباﷲ) حضرت عیسیٰ علیہ السلام فوت ہوچکے ہیں اور وہ نہیں آسکتے۔ لہٰذا اسی امت میں سے ہی ایک شخص حضرت عیسیٰ علیہ السلام کے مشابہ پیدا ہوگا جو آپ کی خوبو (صفات) والا ہوگا اور وہ تمام کام کرے گا جو حضرت عیسیٰ علیہ السلام نے آکر کرنے تھے اور مہدی بھی وہی شخص ہوگا۔ لہٰذا مرزا غلام احمد قادیانی ہی مسیح موعود اور مہدی ہے جس کا امت کو انتظار ہے۔
حضورﷺ نے حضرت عیسیٰ علیہ السلام کی ایک سو سے زائد نشانیاں بیان فرمائی ہیں۔ حضرت عیسیٰ علیہ السلام جب آسمان سے دنیا میں تشریف لائیں گے تو ان میں آپﷺ کی بیان کردہ ایک ایک نشانی پائی جائے گی۔ ہم یہاں ان میں سے چند نشانیاں ذکر کرتے ہیں۔ ان میں سے کسی ایک نشانی کا کروڑواں حصہ بھی مرزا قادیانی میں نہیں پایا جاتا۔ یہ نشانیاں پڑھ کر قارئین کرام خود فیصلہ فرمائیں کہ مرزا غلام احمد قادیانی ان نشانیوں کے مطابق مسیح اور مہدی ہے یا جھوٹا اور کذاب ہے؟۔ ہم فیصلہ قارئین پر چھوڑتے ہیں:
۱…
حضرت عیسیٰ حضرت مریم علیہم السلام کے بیٹے اور بن باپ کے پیدا ہوئے۔ جبکہ مرزا غلام احمد قادیانی چراغ بی بی کا بیٹا ہے۔
۲…
حضرت امام مہدی کا نام محمد اور والد کا نام عبداﷲ ہوگا۔ جبکہ مرزا قادیانی کا نام مرزا غلام احمد اور والد کا نام غلام مرتضیٰ ہے۔