حرف آغاز
بسم اللہ الرحمن الرحیم
حامدا ومصلیا
یہ عاجز اولاً اپنی اس حقیر خدمت کو لے کر احکم الحاکمین کی بارگاہ میں حاضر ہوتا ہے ، اور اپنے پروردگار کے سامنے دست بستہ ، جبین نیاز خمیدہ جذبات تشکرکا ان الفاظ میں اظہار کرتا ہے کہ : اے آقا ! ممنون ہوں جو نظر کرم مجھ پہ پڑی ہے، آقا ! آپ ہی نے صلاحیتیں عطا کیں، آپ ہی نے حوصلہ دیا، اس خدمت میں آپ کی نظر عنایت کے سوا کچھ نہیں ، یقینا
کیا فائدہ فکر بیش و کم سے ہوگا
ہم کون ہیں جو کوئی کام ہم سے ہوگا
جو کچھ ہوا ہوا کرم سے تیرے
جو کچھ بھی ہوگا تیرے کرم سے ہوگا
اس کے بعد عرض ہے کہ…
نبوت کا دروازہ بند ہے، اور اس آخری مذہب اسلام کو قیامت تک سارے انسانوں کے لیے مکمل اور نا قابل نسخ کر دیا گیا ہے ، اس لئے اسلامی تعلیمات اور دینی اعمال و افکار کی بقا کے لیے ضروری ہے کہ امت نبوت کی وارث بن کر اشاعت و تبلیغ دین کے لئے قدم اٹھائے ، الحمد للہ دور حاضر میں اسلامی تعلیمات کو پھیلانے اور بے دینی کو دور کرنے کی خوب محنتیں ہو رہی ہیں ، ترغیب اور ترہیب سے لوگوں کے دلوں کو دستک دے کر دینی اعمال اور افکار پر آمادہ کیا جارہا ہے ، کہیں کوئی انجمن کام کر رہی ہے ، کہیں فرداً فرداً کام ہو رہا ہے ،