دسترخوان پر باتیں کرنا
٭تحدثو اعلی الطعام وخالفوا سنۃ الیھود ۔
ترجمہ : تم کھانا کھاتے ہوئے باتیں کیا کرو اور یہود کے طریقے کی مخالفت کرو۔
تحقیق : اس کی کوئی اصل نہیں ہے ۔(النخبۃ البھیۃ ، رقم الحدیث۲۴۲)
فائدہ : علامہ سخاویؒ نے ’’المقاصد الحسنۃ‘‘ میں ، اور ان سے نقل کرکے ملاعلی قاری ؒنے ’’ المصنوع ‘‘ میں، اور عجلونی ؒنے ’’کشف الخفاء‘‘ میں لکھاہے:
الکلام علی المائدۃ لا اعلم فیہ شیئا نفیا ولا اثباتا۔
’’دستر خوان پر باتیں کرنے یا نہ کرنے کے متعلق میرے علم میں کوئی حدیث نہیںآئی ہے‘‘۔
دسترخوان پر گراہوا کھا لینا
٭من وجد لقمۃ او کسرۃ فی مجری الغائط او البول فاخذھا فاماط عنھا الاذی و غسلھا غسلا نعمّا ثم اکلھا لم تستقر فی بطنہ حتی یغفر لہ۔
ترجمہ : جس نے کھانے کا لقمہ یا ٹکڑا پیشاب یا پاخانہ بہنے کی جگہ میں پایا ، اس کو اٹھا کر صاف کیا اور اچھی طرح دھوکر اسے کھالیا تو اس لقمہ کے پیٹ میں پہنچنے سے پہلے اس کی مغفرت ہو جا ئے گی ۔