٭یٰس لما قرئت لہ۔
ترجمہ : سورۂ یٰس شریف ہر اس مقصد کے لئے ہے جس کے لئے وہ پڑھی جائے۔
تحقیق : علامہ سخاویؒ ، ملاعلی قاریؒ اور علامہ محمد بن طاہر پٹنی ؒ نے لکھا ہے کہ اس کی کوئی اصل نہیں ہے،یعنی ان الفاظ میں کوئی حدیث نہیں ہے، البتہ تجربہ سے اس کے صحیح ہونے کا مشاہدہ ہوتا ہے ، لیکن جب یہ حدیث نہیں ہے تو اس کی فضیلت کو حدیث سے ثابت ماننا غلطی ہے۔(المقاصد ۴۷۷؍؍ المصنوع ۲۱۵؍؍ التذکرۃ ۸۱)
بدھ کا دن
٭ما بدیٔ بشییٔ یوم الاربعاء الا تم ۔
ترجمہ : جس کام کی ابتدا بدھ کے دن ہوگی وہ کام مکمل ہوگا۔
تحقیق : اس کی کوئی اصل نہیں ہے ۔
(المقاصد الحسنۃ للسخاویؒ۳۶۲؍؍ الاسرارالمرفوعۃ ۲۹۴)
عصر کے بعد کا وقت
٭من احب حبیبتیہ فلا یکتب بعد العصر۔
ترجمہ : جو اپنی دو محبوب چیزوں (یعنی آنکھوں) کو چاہتا ہو تو اسے چاہئے کہ عصر کے بعد نہ لکھے۔