رجب کا مہینہ
٭ان فی رجب یوما ولیلۃ من صام ذلک الیوم و قام تلک اللیلۃ کان لہ من الاجر کمن صام مائۃ سنۃ و قام لیالیھا و ہی لثلاثۃ بقین من رجب۔
ترجمہ : رجب کی ستائیسویں رات قیام کرنے، اور ستائیسویں دن روزہ رکھنے کا ثواب سو سال قیام کرنے، اور سو سال روزہ رکھنے کے برابر ہے۔
تحقیق : حضرت شیخ عبد القادر جیلانی ؒ نے اس روایت کو غنیۃ الطالبین میں بیان کیا ہے، لیکن ابن حجر ؒ نے اس کو موضوع کہا ہے۔
(الآثار المرفوعۃ۵۹؍؍ تبیین العجب بما ورد فی فضل رجب لابن حجرؒ)
٭رجب کی پندرہویں رات میں چودہ رکعتیں اور ان کے فضائل۔
٭رجب کی ستائیسویں رات میں بارہ رکعتیں اور ان کے فضائل ۔
٭رجب کے مہینے میں کسی بھی دن روزہ رکھ کرچار رکعتیں پڑھنا اور ان کے فضائل۔
تحقیق : یہ ساری روایتیں موضوع ہیں، رجب کے مہینے میں نمازوں کے متعلق کوئی خاص عدد اور کوئی خاص طریقہ مروی نہیں ہے، بلکہ سرے سے اس میں نماز کی کوئی خاص فضیلت ہی نہیں ہے۔(مستفاد من الآثار المرفوعۃ للکنویؒ وتبیین العجب بما ورد فی فضل رجب لابن حجرؒ وزوال السنۃ عن اعمال السنۃ للتھانویؒ۱۵)