ملفوظات حکیم الامت جلد 18 - یونیکوڈ |
|
نے فرمایا کہ یہ خرابی تمہارے اند رتھی ۔ میں تو آئینہ ہوں ۔ جیسی تمہاری حالت تھی ۔ ویسی تمیہں میرے اندر نظر آئی ۔ یکم شعبان المعظم 1335 ھ بروز چہار شنبہ (ملفوظ 720) حال ظاہر ہونے پر بیعت کرنا چاہیے : ایک صاحب کا خط آیا تھا ۔ فرمایا کہ بہت عرصہ سے یہ بیعت کے لیے سر ہورہے ہیں مگر میں نے ابھی تک ان کو بیعت نہیں کیا ۔ اب ان کے خط سے معلوم ہوا کہ یہ سود دینے میں مبتلا ہیں ۔ مگر اس سے نفور ہیں ۔ ٌپھر فرمایا کہ اسی وجہ سے میں دیر کیا کرتا ہوں ۔ بیعت کرنے میں لوگ چاہتے ہیں کہ اپنا حال تو ظاہر کریں نہیں اور جلدی سے بیعت ہوجاویں ۔ (ملفوظ 721) تجربہ کے بعد زیادہ قیام مناسب ہے : ایک صاحب جو تھا نہ بھون میں مستقل طورپر مع بی بی کے قیام کرنا چاہتے تھے ۔ حاضر خدمت حضرت والا ہوئے ۔ فرمایا کہ دوشخصوں کا معاملہ ہے ۔ (یعنی ان صاحب کا اور ان کی بیوی کا ) اس کا مدار ہے تجربہ پر اور تجربہ دونوں کے رہنے سے ہوسکتا ہے ۔ سو عارضی طور پر چند روز یہاں رہیں ۔ اس وقت اندازہ ہوجائیگا اور بدوں اس تجربہ کے اگر یہ تعلقات قطع کر کے آویں اور بی بی ان کی خبر لے ۔ لڑائی بھڑائی ہو تو اس سے کیا فائدہ ۔ اول چندے رہ کر تجربہ کرلینا چاہیے ۔ (ملفوظ 722) وعدہ سے نفور : فرمایا کہ میں بدوں وعدہ کے کام کے کرنے کا تو بہت اچھا اہتمام کرتا ہوں مگر وعدہ نہیں کرتا ۔ (ملفوظ 723) استغرق میں ترقی نہیں : فرمایا کہ استغراق کی حالت مشابہ نوم کے ہے ۔ مگر لوگ خواب کو تو وقیع نہیں سمجھتے ۔ لیکن استغراق کو بہت بڑا سمجھتے ہیں ۔ حضرت عبیداللہ احرار فرماتے ہیں کہ استغراق میں ترقی نہیں ہوتی ۔ کیونکہ ترقی عمل سے ہوتی ہے اور اس حالت میں عمل ہوتا نہیں ۔