ملفوظات حکیم الامت جلد 18 - یونیکوڈ |
|
(ملفوظ 434) پیر کی خدمت میں کسی دوسرے کا سلام بھی نہ پہنچائے : فرمایا کہ کتابوں میں یہاں تک لکھا ہے کہ پیر کی خدمت میں کسی کا سلام بھی نہ پہنچاؤ سب باتیں کتابوں میں لکھی ہیں میری گھڑی ہوئی نہیں ہیں مگر لوگوں نے کتابوں میں لکھی ہیں ميری گھڑی ہوئی نہیں ہیں مگر لوگوں نے کتابوں کا دیکھنا چھوڑ دیا ۔ (ملفوظ 435) حقیقی نور حاصل کرنے کی ترکیب : فرمایا کے لوگ کیفیات وانوار کے پیچھے پڑے ہیں ابھی حقیقی نور کو دیکھا نہیں ہے لوگ چاہتے ہیں کہ پہلے وہ حاصل ہو پھر ہم ان باتوں کا پیچھا چھوڑ دیں اور ضرورت ہے اس کے عکس کی پہلے ان باتوں کا پیچھا چھوڑ دیں ۔ تب وہ نور حاصل ہوگا ۔ (ملفوظ 436) غار ثور کو جاتے ہوئے بلا مجاہدہ قلب جاری ہوگیا : فرمایا کہ جب میں غارثور کی (جسمیں کہ حضورﷺ چھپے تھے ) زیارت کے واسطے گیا اور بہت سے لوگ بھی ہمراہ تھے جب پہاڑ پر سب لوگ چڑھنے لگے تو سب کا دل دھڑکنے لگا ۔ جیسا کوئی اونچائی پر چڑھنے سے ہوجاتا ہے اور اس کے دھڑکنے کی آواز آتی تھی اس وقت میں نے کہا کہ لو سب کا قلب بلا مجاہدہ ہی جاری ہوگیا ۔ حرارت سے قلب میں حرکت پیدا ہوجاتی ہے ۔ اس کو لوگ بڑا کمال سمجھتے ہیں ۔ (ملفوظ 437) جلال آباد کی جائیداد خریدنا جائز نہیں : فرمایا کہ مولانا محمد قاسم صاحب فرمایا کرتے تھے کہ جلال آباد کی جائیداد خریدنا جائز نہیں کیونکہ وہاں لڑکیوں کا حق نہیں دیا جاتا تھا ۔ البتہ جہاں ایسا نہ ہو کچھ حرج نہیں ۔ 13 جمادی الآخر 35 ھ بروز شنبہ (ملفوظ 438) دیوبند کے کچے مکانات کی مقبولیت : فرمایا کہ پہلے مدرسہ دیوبند کے کچے مکانات تھے چھپر پڑے تھے مولانا محمد یعقوب صاحب نے خواب میں جنت میں کچے مکانات دیکھے جس سے تعجب ہوا کہ جنت میں اور کچے مکانات پھر ان چھپروں پر دفعتہ نظر پڑی تعبیر سمجھ میں آئی کہ یہ مکانات مقبول ہیں ۔