ملفوظات حکیم الامت جلد 18 - یونیکوڈ |
|
بادشاہ سمجھ کر آیا ہوں اگر آپ کو خرچ دینا ہے تو دیدیجئے ورنہ جانے دیجئے ۔ (ملفوظ 292) کھٹمل کے معنی ۔ فرمایا کہ مولانا محمد یعقوب صاحب رحمت اللہ فرماتے تھے کہ کھٹمل کے معنی ہیں چار پائی کے پہلوان مل کے معنی پہلوان کے ہیں اور کھٹ ہندی میں کھاٹ کا مختلف ہے جس کے معنی چارپائی کے ہیں ۔ ( ملفوظ 293 ) پڑھے ہوئے عطر کا اثر : فرمایا کہ ہمیر پورکے کلکر کے یہاں ایک صاحب کا مقدمہ تھا وہ عطر پڑھواکر اور اس عطر کو کپڑوں میں لگاکر تب اجلاس میں گئے کلکر نے مقدمہ سے تو رہا کردیا اور یہ ہدایت کی کہ آئندہ کسی انگریز کے اجلاس میں عطر لگا کر نہ جانا انگریزوں کو یہ عطر پسند نہیں ہے ۔ 27 ربیع الثانی 35 ھ بروز سہ شنبہ ( ملفوظ 294 ) شاہ عبد الرحیم صاحب کی کرامت : فرمایا کہ شاہ عبد الرحیم صاحب کے پہلے پیر کا نام بھی شاہ عبد الرحیم صاحب ہی تھا فرماتے تھے کہ ایک مرتبہ میں اپنے پیر کا سر دبا رہاتھا پیر صاحب نے کہا کہ خوب اچھی طرح زور سے دباؤ میرے دل میں خیال آیا کہ جو بہت زور سے دباؤں گا سر خربوزہ کی طرح پچک جائے گا ( کیونکہ صاحب خوب قوی تھے ) پیر صاحب نے فرمایا کہ نہیں بھائی تم خوب زور سے دباؤ خربوزہ کی طرح نہیں پچکے گا ۔ پھر فرمایا کہ وہ صاحب کشف تھے اور ان سے خوارق بہت صادر ہوتے تھے ایک لڑائی میں توپ کا منہ بند کردیا تھا روم کا ایک عنین آدمی جو اپنے ملک سے بغرض علاج آیا تھا آپ کی خدمت میں حاضر ہوا اور اپنا حال بیان کیا کہ میری بیوی بوجہ میرے مرد نہ ہونے کے طلاق مانگتی ہے میں کچھ مدت مقرر کرکے بغرض علاج آیا ہوں اور یہ کہہ آیا ہوں کہ اگر اتنی مدت تک واپس نہ آوں تو تجھ کو تین طلاق اور اس مدت میں اب ایک ہی یا دو تین دن رہ گئے ہیں اب وہاں کس طرح پہنچوں آپ اس شخص کو کو ٹھڑی میں لے گئے اور آنکھیں بند کرائیں اس نے دیکھا کہ میں اپنے مکان میں صحن میں کھڑا ہوں یہ خرق عادت قطع مسافت کی آپ سے ظہور میں آئیں ۔